• news

حفاظتی ضمانت منظور، نوازشریف کو 24 اکتوبر تک گرفتار نہ کرنے کا حکم

اسلام آباد(وقار عباسی/وقائع نگار + (نمائند ہ نوا ئے وقت) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا، جب کہ احتساب عدالت نے بھی توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیے ہیں۔ عدالت عالیہ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی حفاظتی ضمانت کی درخواستوں پرسماعت کی جس سلسلے میں نوازشریف کے وکلا امجد پرویز اور اعظم نذیرتارڑ عدالت میں پیش ہوئے جب کہ نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود اور افضل قریشی نے دلائل دیئے۔ دوران سماعت اعظم نذیر تارڑ ے کہا کہ نواز شریف ٹرائل کورٹ میں اشتہاری تھے، اس میں وارنٹ معطل ہوگئے ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے احتساب عدالت کے حکم کو مد نظر رکھتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں گرفتار کرنے سے روک دیا اور 24 اکتوبر تک ان کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔ دریں اثنا جج محمد بشیر نے نواز شریف کی توشہ خانہ کیس میں وارنٹ معطلی کی درخواست پر سماعت کی اس کیس میں نواز شریف کے وکیل قاضی مصباح اور نیب پراسیکیوٹرز عدالت میں پیش ہو ئے ۔ دوران سماعت وکیل صفائی قاضی مصباح نے کہا کہ نواز شریف کے وارنٹ معطلی پر گذشتہ روز درخواست دائر کی تھی، وہ عدالت پیش ہونا چاہتے ہیں اور21 اکتوبر کو پاکستان آرہے ہیں۔ لہٰذا ان کے وارنٹ گرفتاری معطل کردیں۔ اس پر جج محمد بشیر نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف توشہ خانہ کیس نیب کورٹ 3 کا معاملہ ہے، اس پر وکیل نے بتایا کہ 24 اکتوبر کو آپ کی عدالت میں سماعت مقرر ہے، نواز شریف پیش ہونا چاہتے ہیں۔ وکیل نے کہاکہ جب وہ بیرون ملک گئے تھے وہ شدید بیمار تھے،لاہور ہائیکورٹ نے بیرون ملک علاج کی اجازت دی تھی، لاہور ہائیکورٹ کا حکمنامہ آج بھی موجود ہے کیونکہ وہ زیر التوا ہے۔ ہم نے نواز شریف کے تازہ ترین میڈیکل رپورٹس بھی منسلک کی ہیں، قاضی مصباح ایڈووکیٹ نے کہاکہ ہم 24 اکتوبر کو عدالت میں پیش ہونگے، نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ نوازشریف نے دو ریلیف مانگے ہیں،نوازشریف کہہ رہے ہیں کہ عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا چاہتے ہیں، نوازشریف آنا چاہتے ہیں تو24 اکتوبر تک وارنٹ معطل کردیں۔ دائمی وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جج محمد بشیر نے کہاکہ آدھے گھنٹے تک فیصلہ سنادیں گے، بعد ازاں عدالت نے نوازشریف کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کا حکم سناتے ہوئے کہاکہ24 اکتوبر تک وارنٹ گرفتاری معطل کیے جارہے ہیں، 24 اکتوبر کو نواز شریف پیش نہ ہوئے تو مزید کاروائی کی جائے گی۔
اسلام آباد+لاہور( خبر نگار+نیوز رپورٹر)سابق وزیراعظم نواز شریف کل 21اکتوبرکو اسلام آباد لینڈ کریں گے ان کی پاکستان روانگی کے لیے خصوصی طیارہ بوئنگ 737 استعمال کیا جائے گا۔ شریف فیملی ذرائع نے بتایا ہے کہ نواز شریف 21 اکتوبر کی دوپیر و پروگرام کے مطابق پہلے اسلام آباد ہی پہنچیں گے، قانونی ضروریات کے تحت پہلے اسلام آباد اترنا ہو گا۔ ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف اسلام آباد میں مختصر قیام کے بعد لاہور پہنچیں گے، جہاں وہ جلسہ سے خطاب کرینگے، انکے دبئی سے پاکستان پہنچنے کے گزشتہ پروگرام میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ جبکہ قائد ن لیگ سعودی عرب سے دبئی ہہنچ گئے، وہا ں علی ڈار کے گھر قیام کیا ہے، کل دبئی سے ہی اسلام آباد آئیں گے، دبئی میں مزید قانونی مشاورت کریں گے، دبئی پہنچنے پر حکام کی طرف سے خصوصی پروٹوکول دیا گیا ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ میاں نواز شریف کل21 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ قائد مسلم لیگ ن 21 اکتوبر کی سہ پہر اسلام آباد پہنچیں گے، اسلام آباد سے نواز شریف لاہور روانہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف لاہور مینار پاکستان پر جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے واپسی کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔ دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی کل بروز ہفتہ وطن واپسی پر استقبال کے لیے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔ مسلم لیگ بڑی تعداد میں لوگوں کو مینار پاکستان پارک میں لانے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے، جلسے کےلئے انتظامات بھی کسی چیلنج سے کم نہیں ہیں۔ مینار پاکستان پر نواز شریف کے استقبال کے لیے جلسہ کے موقع پر80 فٹ چوڑا اور 40 فٹ بلند سٹیج تیار کر لیا گیا۔ نواز شریف کے خطاب کے لیے بلٹ پروف کیبن بھی لگا دیا گیا۔ پنڈال کو مکمل طور لاہور سمیت دیگر قومی اسمبلی کے حلقوں کے الگ الگ انکلیو بنائے گئے ہیں۔ پنڈال میں خواتین ونگ ، یوتھ ونگ، لائیر ونگ ، مینارٹی ونگ سمیت دیگر تمام ونگ کے لیے الگ الگ انکلیو مخصوص کر دئے گئے۔ ہر ایک اینکلیو میں 3500 سے 5500 کرسیاں لگائی جائی رہی ہیں۔ صوبائی ٹکٹ ہولڈرز اپنے اپنے حلقے کے کارکنان کے ساتھ پنڈال میں مخصوص اینکلیو میں موجود رہیں گے۔ مینار پاکستان جلسے میں آنے والے قافلوں کے لیے پارکنگ پلان بھی ترتیب دے دیا گیا۔ جلسہ گاہ میں ساونڈ ، لائیٹس ، سٹیج اور پارکنگ سمیت دیگر امور کے لیے 30 کوآرڈینیٹرز مقرر کیے گئے ہیں۔ جلسہ گاہ کو آج شام تک مکمل کر لیا جائے گا۔ دیگر شہروں اور صوبوں سے قافلوں کا سلسلہ لاہور مینار پاکستان میں پہنچنے کے لئے چل پڑے ہیں، پارٹی کے متعدد رہنماو¿ں نے ویگنوں بسوں رکشوں اور ریل ٹرینوں کو بھی پارٹی کے سلوگنز، فلیکسز اور بینرز سے سجا دیاگیا ہے۔ لاہور اور دیگر شہروں میں بھی چوکوں اور چوراہوں کو بھی پارٹی پرچم بڑی بڑی فلیکسز اور بڑے بڑے ہورڈنگ بورڈز نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، اسی طرح لاہور کی شاہراہوں، رکشوں پر استقبالیہ بینرز، فلیکسز آویزاں کر دی گئیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما اور ٹکٹ ہولڈر رہنما شفقت حسین پاندہ نے 500سے زائد رکشوں پر فلیکسز آویزاں کیے۔ چیئرمین انجمن تاجران سپریم کونسل نعیم میر نے مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا۔ نعیم میر کا کہنا ہے کہ تاجر برادری میاں نواز شریف کا شاندار استقبال کرے گی۔ گلگت بلتستان سے قافلے روانہ ہوگئے۔ 

ای پیپر-دی نیشن