بجلی چوری،گیپکوریجن سے مزید 27گرفتار:پنجاب،خیبرپی کے،اسلامآباد میں 118 گیس کنکشن منقطع
لاہور گوجرانوالہ نوشہرہ ورکاں (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ اے پی پی) حکومت پاکستان اور وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات پر فیسکو کا بجلی چوری کے خلاف بھرپور کریک ڈاﺅن جاری ہے۔ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر فیسکو ریجن کے آٹھ اضلاع میں بجلی چوروں کے خلاف دن اور رات کے اوقات میں بلاامتیاز چیکنگ کی جا رہی ہے۔ فیسکو ریجن کے چھ آپریشن سرکلز میں فیسکو ٹیموں نے دوران چیکنگ مزید 42 بجلی چوروں کو پکڑ لیا جو ڈائریکٹ سپلائی اور دیگر مختلف طریقوں سے بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان بجلی چوروں کو 71 ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 31لاکھ 18ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ ادھر سوئی ناردرن کے تحت پنجاب، خیبر پی کے اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گیس چوری کے خلاف جاری کریک ڈاﺅن کے دوران مزید 118گیس کنکشن منقطع کردئیے۔ 324 انڈر بلنگ کیسز پروسیسڈ کئے گئے۔ ترجمان کے مطابق گیس چوری میں ملوث افراد پر 80لاکھ سے زائد کے جرمانے عائد کردیے گئے ہیں۔ سوئی ناردرن گیس نے لاہور میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 10گھریلو کنکشن اور کمپریسر کے استعمال پر 4 کنکشن منقطع جبکہ10 انڈر بلنگ کیسز پروسیس کیے گئے۔ گیس چور ی اور انڈر بلنگ کی مد میں 0.22 ملین کے جرمانے بھی عائد کیے۔ شیخوپورہ میں 10گیس کنکشن جبکہ کمپریسر کے استعمال پر 2کنکشن منقطع کیے اور36 انڈر بلنگ کیسز پروسیس کئے گئے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد میں ریجنل ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے گیس کے غیر قانونی استعمال پر 26کنکشن منقطع جبکہ 60انڈر بلنگ کیسز پروسیس کیے گئے، گیس چوری اور انڈر بلنگ کی مد میں 2.37ملین کے جرمانے بھی عائد کیے۔ مردان میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 5کنکشن منقطع جبکہ گیس چوری کی مد میں 80ہزار روپے کے جرمانے بھی عائد کئے گئے۔ گوجرانوالہ میں 2میٹر غیر قانونی استعمال پر اورکمپریسر کے استعمال پر 1میٹر منقطع جبکہ 28انڈر بلنگ کیسز پروسیس کیے گئے۔ گیس چوری اور انڈر بلنگ کی مد میں 0.51 ملین کے جرمانے بھی عائد کیے۔ ساہیوال میں گیس کے غیر قانونی استعمال پر 3گیس کنکشن منقطع کئے گئے۔ فیصل آباد میں ریجنل ٹیم نے کریک ڈاﺅن کے دوران 59 انڈر بلنگ کیسز پروسیس کئے جبکہ گیس چوری اور انڈر بلنگ کی مد میں 0.23 ملین کے جرمانے بھی عائد کیے۔گیپکو ریجن میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن جاری، مزید27 بجلی چور پکڑے گئے۔ 7ستمبر سے اب تک پکڑے گئے بجلی چوروں کی تعداد 2101 ہو گئی۔ ایک روز میں 15 نئے مقدمات درج، کل درج مقدمات 2033 ہو گئے۔ بجلی چوروں کو مجموعی طور پر18 کروڑ 3 لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ بجلی چوروں سے 11کروڑ 84 لاکھ روپے جرمانہ وصول کر لیا گیا۔ نوشہرہ ورکاں میں بھی بجلی چوروں کے خلاف مہم کامیابی سے جاری ہے۔ گزشتہ روز مقامی پولیس نے ایس ڈی او سکندر ریاض کی رپورٹ پر قربان علی، ساجد، محمد نواز اور ایس ڈی او محمد مبشر کی رپورٹ پر آصف رضا کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ درج مقدمات کی تعداد 125 جرمانوں اور بقایا جات کی وصولی 50 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے۔