• news

او آئی سی سربراہی کانفرنس بلائی جائے‘ حکمران فلسطینیوں کیلئے عملی اقدامات کریں: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے امریکی شہ پر اسرائیل غزہ میں ہسپتالوں، سکولوں پر بم برسا رہا ہے۔ گزشتہ 12دنوں میں سیکڑوں بچے، حاملہ خواتین شہید ہوگئیں۔ ہزاروں افراد ملبے تک دب گئے۔ غزہ کھنڈر کا نقشہ پیش کر رہا ہے۔ اسلامی سربراہی کانفرنس میں اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کی کانفرنس نشستن،گفتن اور برخاستن ثابت ہوئی۔ او آئی سی سربراہی کانفرنس بلائی جائے، حکمران لفظی جمع خرچ کی بجائے فلسطینیوں کی مدد کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔ اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم پوری دنیا میں آگ اور خون کا کھیل برپا کر دیں گے۔ گریٹر صیہونی ریاست کا منصوبہ انسانوں کی غلامی کا ہے۔ اسے روکنا ہوگا، اسرائیل پاکستان کو سب سے بڑا دشمن سمجھتا ہے۔ منصورہ میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے جمعہ کو ملک بھر میں فلسطینیوں کے لیے امداد جمع کرنے کا اعلان کیا اور قوم سے اپیل کی کہ وہ بڑھ چڑھ کر مظلوموں کی مدد کریں۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کا دیا گیا ایک ایک روپیہ غزہ پہنچے گا۔ الخدمت فاو¿نڈیشن کے رضا کاران اس وقت استنبول میں موجود اور عالمی امدادی تنظیموں کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں جو مصر کے راستے فلسطینیوں تک امداد پہنچائیں گی۔ انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ مسئلہ فلسطین کے حالیہ تناظر میں اسلام آباد میں موجود تمام سفیروں کو صورت حال سے آگاہی فراہم کرنے کے مقصد کے تحت ان کی جانب سے تشکیل کردہ القدس کمیٹی بھی جمعہ سے ملاقاتوں کا آغاز کرے گی۔ امیر جماعت نے کہا کہ غزہ میں 23لاکھ مسلمان محصور ہیں۔ انہیں خوراک، پانی، ادویات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ فلسطین کی آزادی کا واحد راستہ قابض ریاست کے خلاف مزاحمت ہے۔ اسلامی ممالک ان خطوط پر تحریک آزادی کی مکمل حمایت کا اعلان کریں۔

ای پیپر-دی نیشن