مقبوضہ کشمیر بھارت کیساتھ سمجھوتہ نہیں کرینگے حق خودارادیت کی جدوجہد جاری رہے گی۔ حریت کانفرنس
سری نگر(کے پی آئی) نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں قےدکل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رہے گی اور بھارت کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ شبیر شاہ نے اپنے پیغام میں مزید کہاگیا ہے کہ انکا دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس نے ضلع پونچھ میں ایک نوجوان کے دوران حراست قتل کی مذمت کرتے ہوئے اس افسوسناک واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔کشمیری نوجوان الفت حسین کو چند روز قبل سرنکوٹ پولیس اسٹیشن میں پولیس کی حراست میں قتل کردیا گیا تھا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیری نوجوان کے دوران حراست قتل کی آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات کو کسی بھی طرح نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
بھارتی پولیس کی حراست میں شہید ہونیوالے کشمیری نوجوان الفت حسین کے اہل خانہ اور رشتہ داروں نے پولیس کی حراست میں اس کے قتل کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلئے ضلع پونچھ کے علاقے سرنکوٹ میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا۔مقتول کے لواحقین سمیت مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے عید گاہ گراﺅنڈ سرنکوٹ میں جمع ہو کر احتجاجی دھرنا دیا۔ مظاہرین بھارتی پولیس اورقابض انتظامیہ کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں ایک اور بھارتی فورسز اہلکار نے خود کشی کر لی ہے ۔ جموں میں تعینات بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس کے ایک ہیڈ کانسٹیبل راجندر یادیو نے میں خود کو گولی مار کرہلاک کرلیا ہے ۔ بی ایس ایف اہلکار نے بھارتی ریاستی راجستھان میں اپنی بیوی کی خودکشی کی اطلاع ملنے پر خود کو گولی مار لی ۔