• news

شفاف انتخابات الیکشن کمشن کی ذمہ داری، نگران حکومت آئین کی پابند: مرتضیٰ سولنگی 

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار خصوصی) نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نوے دن میں الیکشن سے متعلق حتمی جواب وزارت قانون دے گی۔ حتمی فیصلہ سپریم کورٹ کا ہوگا۔ نگران حکومت آئین اور قانون کے پابند ہے۔ ہمارے اختیارات اور مدت محدود ہیں۔ شفاف انتخابات کرانے کی ذمہ داری الیکشن کمشن کی ہے۔ نگران حکومت آئین و قانون کے تحت قائم ہوئی ہے۔ کسی کی بے گناہی اور سزا کا فیصلہ عدلیہ نے کرنا ہے۔ آئین کے مطابق ہر شخص کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ نواز شریف سینئر سیاستدان ہیں وہ اپنے ملک واپس آ رہے ہیں۔ الیکشن کے انعقاد میں تاخیر کا تاثر درست نہیں۔ مسلم لیگ ن کا کوئی رہنما کابینہ میں موجود نہیں۔ مرتضی سولنگی نے مس انفارمیشن، ڈس انفارمیشن اور فیک نیوز پر قابو پانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مس انفارمیشن، ڈس انفارمیشن اور فیک نیوز پوری دنیا کا مسئلہ ہے، سوشل میڈیا پر سب سے بڑا چیلنج جعلی خبریں ہیں، صحافیوں کو تربیت کی فراہمی کیلئے برطانیہ کے جدید میڈیا نصاب سے مدد لی جائے گی، برطانیہ کے ساتھ میڈیا کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل قونصلر مس زوئی ویئر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات، نفرت انگیز بیانیہ، مس انفارمیشن، ڈس انفارمیشن کے خاتمے، میڈیا کے شعبوں میں تعاون کے فروغ اور یو این ڈی پی کے سیف ڈیجیٹل انوائرمنٹ پروگرام پر تبادلہ خیال ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن