پاک بحریہ دفاع ناقابل تسخیر، میری ٹائم سیکٹر کی ترقی میںکردار ادا کر رہی ،نوید اشرف
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان کی سمندری حدود میں قدرتی وسائل کے بڑے ذخائر موجود ہیں جو پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں 25ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے کہا کہ پاک بحریہ ملکی بحری سرحدوں کا دفاع ناقابل تسخیر بنانے کے ساتھ ساتھ میری ٹائم سیکٹر کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ پاکستان کی مکمل بحری صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے نجی شعبے کو میری ٹائم سے متعلقہ صنعتوں میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے جس سے وہ بہت زیادہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ نیول چیف نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ہمیں پاکستان کے فلیگ کیریئرز کو خاص طور پر نجی سطح پر بڑھانے کی ضرورت ہے جس سے غیر ملکی شپنگ کمپنیوں کو اس وقت فریٹ چارجز کے طور پر ادا کیے جانے والے نمایاں زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔