• news

بہت خوشی کا دن ہے‘ اب پاکستان ترقی کرے گا‘ مسائل ختم ہونگے: (ن) لیگی خواتین

لاہور (رفیعہ ناہید اکرام) مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف کے استقبالیہ جلسے میں شرکت کرنے والی خواتین کا جوش وخروش دیدنی تھا۔ جلسہ شروع ہونے کے وقت سے گھنٹوں پہلے ہی مختلف اضلاع سے خواتین کارکنان اپنی رہنماو¿ں کی قیادت میں قافلوں کی شکل میں نوازشریف اور مریم نواز کی تصاویر والے پلے کارڈز اٹھائے جلسہ گاہ تک پہنچنا شروع ہوگئیں۔ بعض خواتین شیر خوار بچوں کو اٹھائے جبکہ چند ایک ویل چیئر کے سہارے مینار پاکستان پہنچیں۔ خواتین نے سبز لباس کے ساتھ میچنگ جیولری اور چوڑیاں بھی پہن رکھی تھیں۔ نوائے وقت سے گفتگومیں مسلم لیگ ن کی سابق ارکان اسمبلی ثریا اصغر، تمکین نیازی اور فرزانہ نذیر نے کہا کہ پوری قوم پرامید ہے کہ ملک ایک دفعہ پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ موٹروے سے لے کر نیوکلیئر ٹیسٹ ہر جگہ نواز شریف کا کرداردکھائی دیتا ہے۔ مریم نواز نے ن لیگ کی خواتین کو اتنی بڑی تعداد میں پہلی مرتبہ خواتین کو موبلائز کیا۔ سابق ارکان اسمبلی شمائلہ رانا، راحیلہ خادم حسین اور نسیم بانو نے کہا کہ آج خواتین اس طرح سج دھج کر آئی ہیں جیسے عید کا دن ہو، آج کا دن بہت خوشی کا دن ہے ہم نواز شریف کو جی آیاں نوں کہتی ہیں ، اب پاکستان ترقی کرے گا اور سب مسائل ختم ہو جائیں گے۔ سابق ارکان اسمبلی دیبا مرزا ، شمیلہ اسلم اور نگہت شیخ نے کہا کہ میاں نواز شریف کی رفتار کو روکا نہ جاتا تو پاکستان آج ترقی کی شاہرہ پر گامزن ہوتا، ملک دشمن عناصر نے نواز شریف نہیں ملکی ترقی کو روکا۔ خوشاب، قصور، گوجرانوالہ، گجرات، سرگودھا، میانوالی سمیت مختلف اضلاع سے آنے والی خواتین اور طالبات نے کہا کہ ایک مدت کے بعد ہمارے لیڈر وطن واپس آئے ہیں اب مایوسی کے اندھیرے چھٹ جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن