نواز شریف کا بیانیہ مہنگائی، لوڈ شیڈنگ ، بدحالی پر قابو پانا ہے: خواجہ آصف
سیالکوٹ (نمائندہ نوائے وقت) سابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سارے ضلع سے پانچوں حلقوں سے لوگ میاں صاحب کے استقبال کے لئے جا رہے ہیں۔ جلسہ گاہ میں تو سب دیکھ رہے ہیں کہ گزشتہ دو روز سے ہی رونق نظر آرہی ہے۔ میاں صاحب نے واضح کر دیا کہ ہم 28 مئی والے ہیں وہ نو مئی والے ہیں۔ نواز شریف نے اس ملک کو ایٹمی قوت بنایا، یہ اس کے خلوص اور وطن سے محبت کی علامت ہے۔ ایک شحض نے ملکی سالمیت کو للکارا یہ واضح فرق ہے، دونوں میں جس طرح میاں نواز شریف کہتا ہے کہ تمام ذوالفقار بھٹو کو پھانسی لگانے کے بعد آج بھی پیپلز پارٹی زندہ ہے لیکن اس کو پھانسی لگانے والوں کا نام لینے والا بھی کوئی نہیں۔ سابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے اپنی رہائش گاہ سیالکوٹ کینٹ سے میاں محمد نواز شریف کے استقبال اور تاریخی جلسہ میں شرکت میں روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اسی طرح نواز شریف کو جلا وطن کر ے والے مشرف کو لوگ بھول چکے ہیں لیکن نواز شریف کا استقبال آج بھی ہو رہا ہے۔ آج تاریخ فیصلہ کرے گی کہ نواز شریف حق پر تھا جن لوگوں نے اس کو مسمار کرنے کی کوشش کی وہ کدھر ہیں، آج یہ تاریخ کے فیصلے ہیں، آج کا فیصلہ پاکستان کی عوام آنے والے وقت کے لئے فیصلہ سنائے گی۔ نواز شریف کا بیانیہ مہنگائی، لوڈشیڈنگ اور بدحالی پر قابو پانا ہے۔ قافلے کی قیادت سابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کی۔ خواجہ محمد آصف کارکنان کے ساتھ بس میں سوار ہوئے، کارکنان کی بڑی تعداد قافلے میں شریک ہوئی، ڈسکہ انٹرچینج پر ضلع کے قومی و صوبائی حلقوں کے کارکنان یکجا ہوں گے، پرجوش کارکنان نواز شریف کے نعرے بلند کر رہے ہیں۔