نوازشریف تجربہ کار سیاستدان ،امید ہے سیاسی مفاہمت کا راستہ اختیار کریں گے‘ شجاعت
اسلام آباد(خبرنگار) پاکستان مسلم لیگ (ق)کے صدر چودھری شجاعت حسین نے مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں محمد نوازشریف کی وطن واپسی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت ملک کو جس طرح کے بحرانوں کا سامنا ہے حالات کا تقاضا ہے سیاسی مفاہمت کو فروغ دیا جائے،تمام سیاستدان مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنما چودھری امتیاز احمد رانجھا سے ملاقات میں کیا اس موقع پر چودھری وجاہت حسین بھی موجود تھے ۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا نوازشریف ایک تجربہ کار سیاستدان ہیں ،امید ہے کہ وہ اب سیاسی مفاہمت کا راستہ اختیار کریں گے ، اس وقت ملک کو قومی یکجہتی اور مفاہمت کی اشد ضرورت ہے۔چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ میاں نوازشریف کو معیشت کی بحالی ، بیروزگاری اور مہنگائی پر قابو پانے کےلئے سخت محنت کرنی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاستدان کو ذاتی مفادات بھلا کر ملک کےلئے کام کریں ۔