• news

بی آر آئی منصوبہ معاشی ترقی کے ذریعے امن اور خوشحالی لانے کا مظہر ہے: مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+اے پی پی)نگران وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے سی پیک کی اعلی معیار کی ترقی کے نئے مرحلے میں چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں پاکستان کے روابط اور تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چائنہ کا بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو معاشی ترقی کے ذریعے امن اور خوشحالی لانے کا مظہر ہے۔ یہ بات انہوں نے چین کی پولیٹیکل قونصلر مس باﺅژونگ کی قیادت میں چینی میڈیا وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے مین سٹریم میڈیا کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے، پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان اور اے پی پی کے ذریعے پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبوں کو اجاگر کرنے کا فیصلہ ہوا۔ ملاقات میں مشترکہ رپورٹنگ اور میڈیا وفود کے تبادلوں میں عملی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان چین کے صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، بی آر آئی منصوبہ معاشی ترقی کے ذریعے امن اور خوشحالی لانے کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے لئے سی پیک کی مرکزیت اور چین کے ساتھ آہنی دوستی کے حوالے سے عوامی آگاہی پیدا کرنے میں میڈیا کا کردار ناگزیر ہے۔ نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان سی پیک کی اعلی معیار کی ترقی کے نئے مرحلے میں چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں روابط اور تعاون کو مضبوط بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ترقی کے تجربے سے استفادے کا خواہاں ہے، غربت کے خاتمے، تحقیق و ترقی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، میڈیا اور دیگر شعبوں میں چین کی کامیابیوں سے استفادہ کریں گے۔ اس موقع پر چینی پولیٹیکل قونصلر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ میڈیا سمیت آئی ٹی، زراعت اور صنعتی شعبے میں تعاون کو آگے بڑھائیں گے۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل ای پی ونگ، منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی، ڈائریکٹر جنرل پی بی سی اور ڈائریکٹر کرنٹ افیئرز پی ٹی وی بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن