• news

حادثات میں 2 خواتین سمیت 10 افراد جاں بحق، 5 زخمی

موسیٰ خیل ڈسکہ لیہ پیر محل (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ این این آئی) لارالائی میں مسافر کوچ اور وین میں تصادم سے چھ افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ٹریفک حادثہ لارالائی کے قریب موسیٰ خیل میں پیش آیا اور حادثے میں چھ افراد موقع پر ہی دم توڑگئے۔ حادثے کے بعد نعشوں اور زخمیوں کو بی ایچ یو راڑہ شم منتقل کیا گیا۔ تیزرفتار بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار دوحقیقی بھائی جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈسکہ کے محمد افضل کے بھائی علی حمزہ اور فرحان علی موٹر سائیکل پر جا رہے تھے جب وہ پسرور بائی پاس کے قریب پہنچے تو ان کو تیز رفتار بس نمبری ایل ڈبلیو این 5779نے ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں موٹر سائیکل سوار دونوں بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ کوٹ ادو روڈ پر مسافر وین کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 2 خواتین جاں بحق اور ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ افسوسناک حادثہ لیہ میں کوٹ ادو روڈ پر عزیز فارم کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار مسافر وین نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا۔ حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار 2 خواتین موقع پر دم توڑ گئیں جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پہنچ گئیں۔ جاں بحق ہونے والی خواتین میں 50 سالہ مقصود بیگم اور 40 سالہ سکینہ بی بی شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن