بحرانوں سے نکالنے کا فن صرف پیپلز پارٹی کے پاس ہے:اورنگزیب برکی
لاہور(نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن اورنگزیب برکی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی تقریر پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شکریہ پنجاب آج پنجاب بالخصوص لاہور کے عوام نے جو ایک سرکاری مہمان یہاں آیا اس کا بہت بڑا استقبال کیا گیا۔ زیادہ استقبال تو خالی کرسیوں اورجھنڈوں نے کیا۔ عوام بہت کم آئے۔ 13 ہزار کرسیاں رکھی گئیں،وہ بھی نہ بھر سکے۔ فوٹو شاپ کرکے ان کے چہیتے چینل کے ذریعے اس کو 20 سے 25 ہزار کا مجمع بنانے کی کوشش کی۔ مگر افسوس اتنا بھی نہ ہوا۔ لوگوں کی جیبیں کاٹی گئیں۔ ان کے موبائل فون چھینے گئے۔عوام نے ان کو پنجاب کی نگران حکومت کے تمام تر سرکاری وسائل کی کے باوجود مسترد کردیا ہے۔ ایک کمشنر کیسے ایک مجرم کے استقبال کیلئے گیا۔ اس سے بھی پوچھ گچھ ہونی چاہیے۔ لاہور سے تو 2 ڈھائی ہزار سے زیادہ لوگ نہیں گئے۔ باقی جو کرائے کے لوگ لائے گئے تھے۔ وہ بھی فیصل آباد، گوجرنوالہ اور دیگر شہروں سے بسوں ٹرکوں پر لائے گئے تھے۔ عوام نے ان کو مسترد کردیاہے۔ اب سٹیبلشمنٹ کو سوچنا پڑے گا اور اس بات کو دیکھنا ہوگا کہ ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کا فن صرف اور صرف پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ کے پاس ہے۔ یہ ن لیگ نہیں بلکہ ایک ناکام اور فیل لیگ ہے۔