• news

ایندھن کی کمی سے پی آئی اے فلائٹ آپریشن شدید متاثر، 26 پروازیں منسوخ

راولپنڈی‘ اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان سٹیٹ آئل کی جانب سے ایندھن کی فراہمی میں کمی سے قومی ائیر لائن کا فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا جس کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ بعد میں جزوی طور پر بحال ہو گیا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ ملک بھر کے ائیرپورٹس سے پی آئی اے کی 26 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جن میں کراچی سے اسلام آباد، کوئٹہ، بہاولپور، لاہور، گوادر اور ملتان کی پروازیں ایندھن کی عدم فراہمی پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔ کراچی سے مختلف ائیرپورٹس کی 18 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ کراچی اسلام آباد کی 3 پروازیں اور اسلام آباد سے کراچی کی 2 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جبکہ لاہور سے کراچی کی 2 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ کراچی لاہور کی 3 پروازیں، کراچی سے گوادر، بہاولپور، فیصل آباد آنے اور جانے کی 6 پروازیں منسوخ کی جاچکی ہیں جبکہ سیالکوٹ سے مسقط جانے اور آنے کی 2 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ فیول ایڈجسٹمنٹ پلان کے تحت آج کراچی ائیرپورٹ سے اندرون و بیرون ملک کی صرف 3 پروازوں کی آمدورفت ہوگی جن میں کراچی سکھر کی دو طرفہ پرواز، اسلام آباد، دبئی اور جدہ کی ایک ایک پرواز شامل ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی ایس او نے پروازوں کو ایندھن فراہم کر دیا ہے۔ گزشتہ روز پی آئی اے کی 9 پروازیں راونہ ہوئیں جن کو ایندھن فراہم کیا گیا تھا۔ تعطل کا شکار پروازیں بھی اڑان بھریں گی۔ کراچی‘ اسلام آباد‘ لاہور اور ملتان سے جدہ کیلئے پروازیں روانہ ہوئیں۔ اسلام آباد سے ایک پرواز ریاض بھی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن