• news

 اسرائیل نہتے فلسطینیوں کے خون سے ہولی کھیلنا بندکردے :شوکت ورک

لاہور (نیوز رپورٹر     ) ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کے بانی و جنرل سیکرٹری ڈاکٹر شوکت بابر ورک نے کہا ہے کہ اسرائیل نہتے فلسطینیوں کے خون سے ہولی کھیلنا بندکردے۔اسرائیل یقینا کسی طاقت کے آشیر باد سے انسانیت کوروندرہا ہے ،جوشیرخوار بچوں پربھی رحم نہ کرے وہ انسان نہیں ہوسکتا۔ اگراسرائیل کومزید بربریت سے نہ روکاگیا تودنیاکا امن قصہ ماضی بن جائے گا۔ شیرخوار بچوں سمیت فلسطینیوں کے جنازے اٹھ رہے ہیں لیکن اس کے باوجود اقوام متحدہ کامتحرک نہ ہونابھی ایک بڑاسوالیہ نشان ہے۔ اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر شوکت بابر ورک نے مزید کہا کہ نجی رفاعی اداروں اورامدادی کارکنان کوفلسطینیوں تک رسائی دی جائے ، اسرائیل کی بدترین بمباری کے باوجود وہاںجو فلسطینی زندہ بچے ہیں انہیں ادویات اوربنیادی ضروریات کاشدت سے انتظار ہے۔ایک ملین فلسطینی بے گھر ہیں ،اگرمقتدرقوتوں نے اپناکلیدی کرداراداکرنے میں مزید دیرکردی توخدانخواستہ انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ معتوب ،مغلوب اورمضروب فلسطینیوں کا اپنی بقاءاورآزادی کیلئے عالمی ضمیر سمیت اسلامی ملکوں کی طرف دیکھنا فطری ہے، ریاست پاکستان اپنا سفارتی اثرورسوخ استعمال کرے۔ اقوام متحدہ بھی فوری مداخلت کرے اورفلسطینیوں کی زندگی کودرپیش خطرات کاسدباب یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ دوملکوں کے درمیان خونیں تصادم پرمقتدرقوتوں کی طویل اورمجرمانہ خاموشی عالمی امن کیلئے زہر قاتل ہوسکتی ہے۔آج فلسطینیوں کوہماری ضرورت ہے ،ہم انہیں تنہا نہیں چھوڑسکتے۔انہوں نے کہا کہ عنقریب فلسطین ایک آزاد اورخودمختارریاست کی حیثیت سے دنیا کے نقشہ پر ابھرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن