تجارتی تنظیموں، چیمبرز میں مضبوط روابط وقت کی اہم ضرورت، صدر لاہور چیمبر
لاہور(کامرس رپورٹر )صدر لاہور چیمبر کاشف انور نے کہا ہے کہ تجارتی تنظیموں اور چیمبرز کے درمیان مضبوط روابط کا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے دورہ کے موقع پر کیا۔ اس دوران لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور اور کارپٹ ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عثمان اشرف نے ایک مفا ہمتی یاداشت پر بھی دستخط کئے اور دستاویزات کا تبادلہ کیا۔کاشف انور نے کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں ہاتھ سے قالینوں کی تیاری کے عمل کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ریاست کے ساتھ ہے اور چاہتی ہے کہ ریاست بھی ان کا ساتھ دے۔ اگر ہمیں اپنی ایکسپورٹ بڑھانی ہے تو ہمیں روپے کو مضبوط کرنا ہو گا کیونکہ ہمارا بیشتر خام مال امپورٹ ہوتا ہے جس میں وہ خام مال بھی شامل ہے جو ایکسپورٹ ہونے والی مصنوعات کیلئے استعمال ہوتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ریاست کو اب کالا باغ ڈیم بنانا ہو گا۔اس کے بغیر ہمارا گزارا نہیں ہے۔