لاہور جلسے سے واپسی پر لیگی رہنما ڈاکٹر محمود الحسن ٹریفک حادثے میں جاں بحق
کوٹلی (آئی این پی ) مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹر محمود الحسن لاہور جلسے سے واپسی پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق گزشتہ رات مسلم لیگ ن کے مینار پاکستان جلسے سے واپسی پر آزاد کشمیر جاتے ہوئے لیگی رہنما کی گاڑی کو میرپور کے قریب حادثہ پیش آیا، حادثے میں کوٹلی کے ن لیگی رہنما ڈاکٹر محمود الحسن جاں بحق ہوگئے۔ ڈاکٹر محمود الحسن آزاد کشمیر حکومت کے سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز نواز شریف کے 4 سال بعد پاکستان آنے پر مسلم لیگ ن نے لاہور میں مینارِ پاکستان پر جلسے کا انعقاد کیا تھا۔سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر محمد شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر کوٹلی سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے متحرک رہنما سابق امیدوار اسمبلی ڈاکٹر محمود الحسن راجہ کی ناگہانی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔وہ لاہور میں محمد نواز شریف کے استقبال کے جلسے میں شرکت کے بعد لاہور سے واپسی پر میر پور کے قریب حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ان کی وفات کا سن کر بے حد دکھ ہوا ہے۔ان کی محبت، اخلاص اور قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ میں ڈاکٹر محمود الحسن کے صاحبزادے فاتح محمود سمیت تمام اہل خانہ اور وابستگان سے دلی افسوس اور تعزیت کرتا ہوں۔اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور توفیق دے۔