• news

فیصلے سے ملک دشمن سازشی عناصر کے حوصلے بڑھیں گے: عطاءاللہ تارڑ

اسلام آباد (خبرنگار) ڈپٹی سیکرٹری جنرل پاکستان مسلم لیگ ن عطاءاللہ تارڑ نے سپریم کورٹ کے فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل کالعدم قرار دینے کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین نے نو مئی کو ایک مذموم سازش کے تحت قومی سلامتی کے ادارے پر حملے کروائے۔ شہداءکی یادگاروں کو مسمار کرنے والے قومی مجرم ہیں اور کسی رعایت کے مستحق نہیں، آج کے سپریم کورٹ کے فیصلے سے ملک دشمن سازشی عناصر کے حوصلے بڑھیں گے۔ کیا غیر ملکی ایجنٹ جو دشمنوں کی حمایت سے ملک کے اندر انتشار پھیلاتے ہیں، ان کا بھی ملٹری کورٹس میں ٹرائل نہ کیا جائے۔ پارلیمنٹ نو مئی کے ملزمان کا ملٹری کورٹس میں ٹرائل کیے جانے کی قرارداد جون میں منظور کر چکی۔ عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ پارلیمنٹ کی اس قرارداد کی موجودگی میں، سپریم کورٹ کے اس فیصلے کی گنجائش نہیں بنتی، ملٹری کورٹس کے فیصلوں کے خلاف اپیل کا حق موجود ہے۔ جس سے ملزمان کے قانونی حقوق کو تحفظ ملتا ہے۔ قانونی سسٹم میں بہت سی خامیاں موجود ہیں جن کی وجہ سے ملزمان سزا سے بچ جاتے ہیں۔ پوری دنیا میں سپیشل کورٹس بنائے جانے کی مثالیں موجود ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن