نوازشریف نے سزا کیخلاف اپیلیں بحال کرنے کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی
اسلام آباد (وقائع نگار+رانا فرحان اسلم) محمد نواز شریف نے العزیزیہ سٹیل ملز اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔ گزشتہ روز نواز شریف نے اپنے وکیل امجد پرویز کے ذریعے اپیلوں کی بحالی کے لئے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ اپیلیں بحال کر کے میرٹ پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ کیا جائے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے عدم پیروی پر اپیلیں خارج کر دی تھیں۔ اپیلوں کو بحال کر کے میرٹ پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ کیا جائے۔ واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اسلام آباد ائیر پورٹ پر درخواستوں پر دستخط کر دیئے تھے۔ نواز شریف کی بائیو میٹرک تصدیق کیلئے بھی وکلا کی جانب سے ائیر پورٹ پر انتظام کیا گیا تھا۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا یافتہ ہیں۔ احتساب عدالت نے نواز شریف کو دس سال قید اور 80لاکھ پاﺅنڈ کی سزا سنائی تھی۔ نواز شریف کو سات سال قید کی سزا سنائی تھی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو دس سال کے لئے عوامی عہدے کے لئے بھی نااہل قرار دیا گیا تھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اپیلوں پر سماعت کی اور لندن میں قیام طویل ہونے پر عدم پیروی کے باعث جون 2021 میں نواز شریف کی اپیلیں خارج کر دی تھیں۔ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کی لاہور سے اسلام آباد آمد،پیر کا روزمری اپنے گھر میں گزارا،آج ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں فیصلے کیخلاف اپیل کیلئے عدالت میں پیش ہونگے قانونی ٹیم اور مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت بھی انکے ہمراہ ہوگی،پیر کے روز اسلام آباد آئے اور مری اپنی رہائش گاہ میں دن گزارا اس دوران انکی کوئی سرگرمی یا ملاقات ذیل نہیں تھی۔ اس موقع پر میاں محمد نواز شریف کی لیگل ٹیم سابق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں انکے ہمراہ ہوگی جبکہ مسلم لیگ ن کی مقامی قیادت بھی عدالت میں پیشی کے وقت اپنے قائد سے اظہار یکجہتی کیلئے ساتھ جائیگی۔