• news

مقبوضہ کشمیر: ریاستی دہشت گردی جاری، 2 نوجوان شہید، درجنوں زخمی

سری نگر(کے پی آئی) بھارتی فوج نے شمالی کشمیر میں اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں دو کشمیری نوجوانوں کوایک جعلی مقابلے میں شہید کر دیا۔ ضلع بارہمولہ میں بھارتی فوج اور بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے نوجوانوں کوضلع کے علاقے اوڑی میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔بھارتی فوجی حکام نے نوجوانوں کے قتل کا جواز پیش کرنے کے لیے ان کو عسکریت پسند قرار دیا ہے۔دوسری جانب بھارتی فورسز نے کئی سیاسی و سماجی رہنماں کو اسرائیلی جارحیت کاشکار مظلوم فلسطینی عوام کیساتھ اظہار یکجہتی سے روکنے کے لیے گرفتار کر لیاسیاسی و سماجی راہنماں کو جموں ، سانبا اور کٹھوعہ اضلاع میں نظر بند کیا۔ اسرائیل کے خلاف اور فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے کی کال سیاسی و سماجی تنظیموں کے اتحاد یونائیٹڈ پیس الائنس نے دی تھی ۔ تنظیم نے لوگوں کو مظاہرے کیلئے جموں کے مہاراجہ ہری سنگھ پارک میں جمع ہونے کیلئے کہا تھا ۔کل جماعتی حرےت کانفرنس کے رہنما اورمقبوضہ جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی اورجبری قبضے کے خلاف بطور احتجاج 27اکتوبر کو مکمل ہڑتال کریں اور یوم سیاہ منائیں۔شبیر احمد شاہ نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کو کشمیریوں کی سرزمین، شناخت اورسالمیت پر ڈاکہ ڈالنے سے روکنے کے لیے مداخلت کرے۔ شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں کہاکہ سرینگر میں ہندو بھجن گانا اور اسکولوں، کالجوں، سڑکوں اور دیگر تاریخی مقامات کے مسلمان نام تبدیل کرنا جموں و کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے میں ہندوتوا نظریہ مسلط کرنے کی کوشش ہے۔

ای پیپر-دی نیشن