• news

ورلڈ کپ میں بڑا اپ سیٹ افغانستان نے پہلی بار پاکستان کو ہرا دیا

لاہور‘ چنئی (سپورٹس رپورٹر+ نیٹ نیوز) آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں افغانستان نے بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے پہلی بار پاکستان کو شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کرلی۔ افغانستان نے پاکستان کا 283 رنز کا ہدف با آسانی 49 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ابراہیم زدران 87 رنز بناکر نمایاں رہے۔ افغانستان کی ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل میں پہلی کامیابی ہے جبکہ رواں ورلڈ کپ میں افغان ٹیم نے دوسرا اپ سیٹ کیا ہے۔ اس سے قبل افغانستان نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔ گرین شرٹس کو رواں ورلڈکپ میں تیسری ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پاکستان نے اب تک ورلڈ کپ میں 5 میچز کھیلے جس میں 2 میں کامیابی ہوئی جبکہ 3 میچز میں شکست ہوئی۔ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے گرین شرٹس کو اپنے بقیہ 4 میچز ضرور جیتنا ہوں گے۔ چنئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے۔ بابر اعظم 74 اور عبد اللہ شفیق 58 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ افغانستان کے خلاف میچ میں پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی۔ محمد نواز بخار کے باعث ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔ ان کی جگہ شاداب خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔ افغانستان کے خلاف گرین شرٹس کا آغاز اچھا رہا۔ اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق کے درمیان 50 رنز سے زائد کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر 56 کے مجموعی سکور پر پاکستان کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔ امام 17 رنز بنا کر عظمت اللہ عمرزئی کی گیند کا شکار ہوئے۔ ایک وکٹ گرنے کے بعد بابر اور عبد اللہ شفیق کے درمیان بھی 54 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر عبد اللہ 58 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ اس کے علاوہ محمد رضوان بھی 8 رنز بنا کر نور احمد کا شکار ہوئے جبکہ سعود شکیل 25 رنز بناکر آو¿ٹ ہوگئے۔ ایسے میں کپتان بابر اعظم نے بھی نصف سنچری مکمل کی لیکن وہ بھی 92 گیندوں پر 74 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اختتامی اوورز میں افتخار احمد اور شاداب خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی۔ افتخار 27 گیندوں پر 40 اور شاداب 38 گیندوں پر 40 رنز بناکر آو¿ٹ ہوئے۔ شاہین آفریدی 3 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ افغانستان کی جانب سے نوجوان سپنر نور احمد نے 3، فاسٹ بولر نوین الحق نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ محمد نبی اور عظمت اللہ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ پاکستان کے 283 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان بیٹرز نے شروع سے ہی پاکستانی بولرز کا جم کر مقابلہ کیا۔ دونوں اوپنرز رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے افغان ٹیم کو 130 رنز کا بہترین آغاز فراہم کیا۔ گرین شرٹس کی جانب سے ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا گیا جس کی وجہ سے بولرز مخالف ٹیم پر دباو¿ نہیں ڈال سکے۔ تاہم اوپنر گرباز 65 اور ابراہیم نے 87 رنز کی اننگز کھیلی۔ 2 وکٹیں گرنے کے بعد بھی افغان ٹیم بالکل دباو¿ میں نہیں آئی اور کپتان حشمت اللہ اور رحمت شاہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان کو جیت دلوا دی۔ کپتان حشمت اللہ شاہدی 48 اور رحمت شاہ 77 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ افغانستان نے پاکستان کا ہدف 49 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ افغانستان نے پاکستان کیخلاف ایسا ریکارڈ بنا ڈالا جو 48 سالوں تک دنیا کی کوئی ٹیم بنانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ افغان ٹیم نے پاکستان کیخلاف زیادہ سے زیادہ ہدف حاصل کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ کابل میں جشن منایا گیا۔ ہوائی فائرنگ اور آتشبازی بھی کی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن