• news

آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس، اسحاق ڈار شریک ملزموں سمیت بری، ریفرنس خارج

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور شریک ملزمان کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں کرپشن کے ثبوت نہ ہونے کی وجہ سے کارروائی آگے نہ چلائے جانے کے متعلق نیب کے بیان کے بعد بری کرتے ہوئے کیس خارج کر دیا۔ گزشتہ روز اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس کی سماعت ہوئی تو نیب پراسیکیوٹر افضل قریشی نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ اسحاق ڈار کے خلاف کرپشن کے ثبوت نہیں، کیس مزید نہیں چلایا جا سکتا۔ جس پر عدالت نے کہا کہ نیب پراسیکیوٹر جنرل اس نکتے پر تحریری طور پر وضاحت دیں، اسحاق ڈار سمیت دیگر ملزمان کی بریت پر اعتراض نہیں تو لکھ کر دیں۔ جج محمد بشیر نے کہا کہ کل کو نیب کہے کہ ہم نے تو ایسا کچھ نہیں کہا تھا۔ نیب پراسیکیوٹر افضل قریشی نے کہا کہ ہم نے میرٹ پر دلائل دئیے ہیں، عدالت فیصلہ سنا دے۔ جس پر عدالت نے تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سینیٹر اسحاق ڈار کو بری کر دیا جبکہ دیگر شریک ملزمان کو بھی بری کرتے ہوئے ریفرنس خارج کر دیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن