• news

الیکشن میں تاخیر کا مطلب انکار، تاریخ دی جائے: بلاول

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آمریت کا دروازہ بند ہوچکا مگر پھر ایک نئی طرز کی آمریت شروع ہوگئی۔ الیکشن میں تاخیر کا مطلب الیکشن سے انکار ہے، فوری طور پر انتخابات کی تاریخ دی جائے۔ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین کی گولڈن جوبلی کی تقریب میں بلانے پر مشکور ہوں۔ سپریم کورٹ نے ہمیشہ آئین کی بالادستی کے لیے کام کیا۔ سپریم کورٹ نے ڈکٹیٹر کے خلاف اپنا کردار ادا کیا۔ بلاول نے کہا کہ 1973ء کا آئین قانون کی حکمرانی کے اصول وضع کرتا ہے۔ آئین کسی بھی ریاست کے تابع ہوتا ہے۔ جمہوریت آئین کا تحفظ کرتی ہے اور آئین انسانی حقوق کا تحفظ کرتا ہے۔ ہر سیاست دان نے عدلیہ کے سامنے خود کو احتساب کے لیے پیش کیا اس لیے ججز کو بھی سب سے پہلے خود کو احتساب کے لیے پیش کرنا چاہیے۔ پریکٹس اینڈ پروسیجر کیس کے فیصلے میں امید کی کرن نظر آئی۔ ہماری جماعت انتخابات کی تاریخ مانگ رہی ہے اور الیکشن میں تاخیر کا مطلب الیکشن سے انکار ہے۔ پیپلز پارٹی ایک جمہوری جماعت ہے اور الیکشن کا مطالبہ ہمارا حق ہے، اس لیے فوری طور پر انتخابات کی تاریخ دی جائے۔پی پی پی چیئرمین نے پولیو کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ قوم کو بلاشبہ آج بھی یاد ہے کہ یہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہی تھیں جنہوں نے پاکستانی بچوں کو زندگی بھر اپاہج بنانے والے مرض سے محفوظ رکھنے کیلئے ملک میں پہلی بار انسداد پولیو پروگرام کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ رجعت پرست قوتوں کی جانب سے انسداد پولیو پروگرام کی بڑی شدت سے مخالفت کی گئی‘ لیکن شہید محترمہ بینظیر بھٹو بھی پیچھے ہٹنے والی نہیں تھیں۔ پولیو سے محفوظ پاکستان بینظیر بھٹوکا خواب تھا۔

ای پیپر-دی نیشن