90 روز میں انتخابات ممکن نہیں وہ بتائیں جو ہو سکے ، کوئی آئین کی خلاف ورزی کر رہا تو آرٹیکل 6 لگے گا: چیف جسٹس
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے 90 روز میں انتخابات کیس میں الیکشن کمشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 2 نومبر تک ملتوی کردی ہے۔ وکیل عابد زبیری نے کہا کہ ہم نے 5 اگست کو مشترکہ مفادات کونسل کا فیصلہ چیلنج کیا۔ چیف جسٹس نے عابد زبیری سے استفسار کیا کہ درخواست کب دائر کی اور اب تک سماعت کیلئے مقرر کیوں نہیں ہوئی۔ جس پر وکیل عابد زبیری نے بتایا کہ اگست میں درخواست دائر کی مگر کیس سماعت کیلئے مقرر نہیں ہوا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں عدالتی سٹاف نے نوٹ دیا کہ آپ نے جلد سماعت کی کوئی درخواست نہیں دی، یہ تو فوری نوعیت کا معاملہ تھا۔ وکیل عابد زبیری نے کہا کہ ایڈووکیٹ آن ریکارڈ کو جلد سماعت کی درخواست دی تھی۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ بروقت درخواست مقرر ہوتی تو ابھی تک فیصلہ ہوچکا ہوتا۔ عابد زبیری نے کہا کہ درخواست میں استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کو90 روزمیں انتخابات یقینی بنانے کا حکم دیا جائے، مشترکہ مفادات کونسل کا مردم شماری شائع کرنے کا آرڈر کالعدم قرار دیا جائے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ مردم شماری شروع اور ختم کب ہوئی۔ وکیل عابد زبیری نے کہا کہ یہ میرے علم میں نہیں۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ آرٹیکل 19 کے تحت ایک خط لکھ کر پوچھ لیتے۔ وکیل عابد زبیری نے کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری کی منظوری دینے کی پریس ریلیز بھی ریکارڈ پر موجود ہے۔ جسٹس اطہرمن اللہ نے استفسار کیا کہ کیا مردم شماری سے متعلق آئین میں کچھ لکھا ہے کہ کب ضروری ہوگی، کیا مردم شماری کا انتخابات سے تعلق ہے یا کسی اور مقصد کیلئے ہوتی ہے، مردم شماری کیلئے آئین کا مینڈیٹ کیا ہے۔ وکیل عابد زبیری نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کی صرف پالیسی بنانے کا ذکر ہے۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا مردم شماری آئینی ضرورت ہے، اس سے پہلے مردم شماری کب ہوئی۔ جسٹس اطہر من اللہ نے بھی کہا کہ اگلا سوال پھر وہی ہوگا کہ مردم شماری کب ہوگی۔ وکیل عابد زبیری نے کہا کہ اس سے پہلے مردم شماری 2017 میں ہوئی تھی۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اس میں تو لکھا تھا کہ وہ ایک عبوری مردم شماری تھی، کیا اس کے بعد کوئی حتمی مردم شماری بھی ہوئی، کیا اس مردم شماری پر حتمی ہونے کا کوئی ٹھپہ لگا۔ وکیل عابد زبیری نے کہا کہ اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد انتخابات 90 دن کے اندر ہونا لازمی ہیں۔ چیف جسٹس نے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ چاہتے ہیں عام انتخابات 2017 کی مردم شماری پر ہوں۔ جس پر عابد زبیری نے کہا کہ نئی مردم شماری اور حلقہ بندی کو بنیاد بنا کر انتخابات میں تاخیر ممکن نہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اگر آپ کی بات مان لیں تو شاید انتخابات مزید تاخیر کا شکار ہو جائیں گے۔ بعد ازاں عدالت نے 90 روز میں عام انتخابات کروانے کے کیس کی سماعت میں وقفہ کردیا۔ درخواست پر سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری نے دلائل کا دوبارہ آغاز کردیا۔ چیف جسٹس نے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ ہمیں کیا دستاویزات دے رہے ہیں۔ جس پر وکیل عابد زبیری نے کہا کہ میں 2017 کی مردم شماری کی دستاویزات دے رہا ہوں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ 2017 کے بعد مردم شماری کا آغازکرنے میں کتنے سال لگے، 2021 میں مردم شماری کا دوبارہ آغاز ہوا، آپ دوسری بار غلط بیانی کر رہے ہیں، آپ عدالت کو غلط حقائق بتا رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ایک چیز منسوخ ہو گئی تو اس کا ذکر کرنے کی کیا ضرورت ہے، 2017 میں فیصلہ ہوا تو مردم شماری کا عمل 6 سال بعد کیوں شروع نہ ہوا، کس نے مردم شماری کا آغاز تاخیر سے کیا، آپ حقائق پر مقدمہ نہیں چلا رہے، بلدیاتی انتخابات آئینی تقاضا تھے۔ وکیل عابد زبیری نے کہا کہ اپریل 2022 میں ایک حکومت ختم ہوئی۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو اتنی تشویش تھی تو 2017 سے2021 تک درخواست دائر کیوں نہیں کی، اب جب مردم شماری ہوگئی تو آپ کہہ رہے مردم شماری غلط ہوئی ہے۔ عابد زبیری نے جواب دیا کہ میرا کہنا یہ نہیں کہ 2023 کی مردم شماری غلط ہے۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ 2017 سے2021 تک مردم شماری کی منظوری میں 4 سال لگ گئے، 2021 کی مردم شماری کا آغاز بھی سپریم کورٹ کے فیصلے سے ہوا۔ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ جو بھی مردم شماری میں تاخیر کے ذمہ دار ہیں انہیں ذمہ دار ٹھہرایا جائے، کیا آپ چاہتے ہیں کہ انتخابات کروائے جائیں۔ جس پر عابد زبیری نے جواب دیا کہ جی بالکل ہم اتنی ہی بات چاہتے ہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ کی ساری استدعا مردم شماری کے بارے میں ہے، کیا آپ آئین کے آرٹیکل 224 کی عملداری مانگ رہے ہیں۔ جس پر وکیل عابد زبیری نے جواب دیا کہ جی ہاں عدالت سے میری یہی استدعا ہے۔ جسٹس اطہر من اللہ نے وکیل سے استفسار کیا کہ 90 دن کب پورے ہورہے ہیں۔ جس پر عابد زبیری نے بتایا کہ 3 نومبر 2023 کو 90 دن پورے ہوجائیں گے۔ چیف جسٹس نے عابد زبیری سے استفسار کیا کہ اگر آج ہم 90 دنوں میں انتخابات کا حکم دیں تو کیا انتخابات ہو سکتے ہیں۔ جس پر وکیل عابد زبیری نے جواب دیا کہ اگر آج عدالت حکم دے تو 3 نومبر کو انتخابات نہیں ہوسکتے۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پھر اپنی درخواست میں ترامیم کرلیں۔ چیف جسٹس نے صدر سپریم کورٹ بار سے استفسار کیا کہ صدر مملکت نے انتخابات کی تاریخ نہیں دی تو ہم کیا کریں، کیا ہم صدر مملکت کو تاریخ نہ دینے پر نوٹس دیں۔ وکیل عابد زبیری نے کہا کہ صدر مملکت کو استثنی حاصل ہے۔ جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ صدر مملکت کیخلاف ہم کیا کر سکتے ہیں، اپنی رٹ بحال کرنے کیلئے حکم جاری کرسکتے ہیں، اگر کوئی آئین کی خلاف ورزی کررہا ہے تو آرٹیکل 6 لگے گا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ لوکل گورنمنٹ انتخابات کیس میں سپریم کورٹ کے کہنے پر مردم شماری کا فیصلہ کیا گیا، ہم تاریخ کو فراموش نہیں کر سکتے، گزشتہ حکومت نے مردم شماری کرانے کے فیصلے کیلئے 4سال لگا دیئے۔ وکیل عابد زبیری نے کہا کہ خیبر پی کے اور پنجاب میں انتخابات کے انعقاد کا حکم بھی اسی عدالت نے دیا تھا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ عدالتی فیصلے پر عمدرآمد نہیں ہوا لیکن کیا دو صوبوں میں انتخابات کا کیس زیر سماعت ہے، آپ وکیل ہیں لے آئیں ناں کوئی توہیں عدالت کی درخواست، کس نے روکا ہے، جب میں بلوچستان کا چیف جسٹس تھا صرف بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات ہوئے تھے، تاریخ دینے کے حوالے سے قانون میں ترمیم ہوگئی تھی، کیا آپ کہہ رہے ہیں کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم آئین کے آرٹیکل 48 سے متصادم ہے، الیکشن کی تاریخ کس نے دینی ہے۔ جسٹس اطہر من اللہ نے ستفسار کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ انتخابات میں تاخیر چاہتے ہیں، انتخابات تو ہونے ہیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ صدر مملکت کو ایک وکیل نے خط لکھا اس کا کیا جواب ملا۔ چیف جسٹس کے سوال پر وکیل درخواستگزار منیر احمد نے جواب دیا کہ صدر مملکت نے کوئی جواب نہیں دیا۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ تو تاخیرکا ذمہ دار صدر مملکت کو ٹھہرا رہے ہیں۔ عابد زبیری نے عدالت کو بتایا کہ اپریل2021 کو مشترکہ مفادات کونسل نے 2017 کی مردم شماری کی منظوری دی۔ جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ اس وقت کس کی حکومت تھی۔ وکیل عابد زبیری نے بتایا کہ اس وقت تحریک انصاف کی حکومت تھی۔ جس پر چیف جسٹس نے سوال کیا کہ پھرمردم شماری منظور ہونے میں 4 سال کیوں لگ گئے، آپ مردم شماری میں تاخیر کے ذمہ دار کا نام بتائیں۔ وکیل عابد زبیری نے کہا کہ مردم شماری کا نوٹیفکیشن منسوخ ہو گیا تھا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ 2017 کی مردم شماری منظور ہوگئی تو کہا گیا جلد از جلد نئی مردم شماری ہو پھرکیوں نہ کرائی گئی، آپ آدھی سچائی کیوں بیان کرتے ہیں، گزشتہ حکومت نے مردم شماری نہیں کرائی جب نئی حکومت نے کرا دی تو کہتے ہیں غلط ہے، آپ نے اس وقت مردم شماری کے فیصلے کو چیلنج کیوں نہیں کیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اردو میں کہتے ہیں دیر آئے درست آئے مگر آپ کہتے ہیں غلط ہے، مردم شماری کرانا مشکل کام ہے مگر اس کی منظوری کیلئے وزراءاعلی کو بلانا ہوتا ہے، آپ کہتے ہیں 2023 کی مردم شماری منظور کرنے والے دو ممبرز نہیں تھے، 2017 کی مردم شماری میں بھی سندھ نے خلاف ووٹ دیا تھا، یا تو آپ کہہ دیں کہ ہم الیکشن نہیں چاہتے۔ جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیئے کہ اگر تو انتخابات کے انعقاد کیلئے مردم شماری آئینی ضرورت ہے تو انتخابات کا التوا سمجھ میں آتا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ درخواست گزار منیر احمد نے بھی جلد سماعت کی درخواست نہیں دی، میڈیا پر انتخابات کیس پر لمبی لمبی بحث ہوتی ہے، ہم کیس لگائیں تو الزام، کیس نہ لگائیں تو بھی الزام، یہ ایسا مقدمہ ہے جو ہر صورت لگنا چاہیے تھا، آج وکلا کے پاس مقدمے کی فائل ہی نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے فیصلے کے بعد ہم نے اہم مقدمات لگانا شروع کر دیئے، میڈیا پر لمبی لمبی تقریریں اور کمرہ عدالت میں وکیل کے پاس کچھ نہیں ہوتا، اگر ہم نے تاخیر کرنا ہوتی تو خصوصی عدالتوں کے کیس میں نیا بنچ بنا دیتے، میڈیا ہم پر انگلی اٹھائے اگر ہم غلطی پر ہیں، کیس عدالت میں چلانا ہے یا ٹی وی پر چلانا ہے۔ جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ آپ اپنا مقدمہ صرف 90 دن میں انتخابات تک رکھیں۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ 90 دن والی بات ممکن نہیں وہ بات بتائیں جو ممکن ہو۔ جسٹس اطہرمن اللہ نے سوال اٹھایا کہ اگر صدر پاکستان نے آئین کی خلاف ورزی کی تو عدالت کو بتائیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کیا ہم اب صدر پاکستان کے ٹویٹس پر فیصلے کریں گے، کیا سپریم کورٹ ٹویٹس پر فیصلے کرے گی۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے صدر عارف علوی کا ٹویٹ کمرہ عدالت میں پڑھ کر سنایا اور کہا کہ یہ ٹویٹ مان بھی لیں تو صدر نے الیکشن کمیشن سے رائے مانگی ہے۔ چیف جسٹس نے سابق اٹارنی جنرل انور منصور سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ اسی صدر مملکت کے اٹارنی جنرل رہ چکے ہیں، صدر پاکستان بہت اچھے اخلاق والے ہیں، آپ انہیں فون کر لیتے۔ آپ رابطہ کرتے تو صدر آپ کو ضرور خط دیتے، یہ عدالت ٹوئٹس پر نہیں بلکہ دستاویز پرچلے گی، اگر خط مان لیں تو صدر پاکستان نے 6 نومبر کی تاریخ دیکر خود خلاف ورزی کی، عابد زبیری کے مطابق انتخابات 90 روزکے اندر 3 نومبر تک ہونے چاہیے تھے۔ وکیل عابد زبیری نے کہا کہ مائی لارڈ غلطی ہوگئی، تاریخ چھ نومبر ہی بنتی ہے۔ جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ آپ تیسری بار غلطی کر رہے ہیں۔ سپریم کورٹ نے دلائل سننے کے بعد 90 روز انتخابات کیس میں الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیا،عدالت نے درخواست گزاروں کی لارجر بنچ نہ بنانے کی استدعا بھی منظور کرلی اور سماعت دو نومبر تک ملتوی کردی۔