پاکستان میں سپین کے سرمایہ کاروں کیلئے بے پناہ مواقع موجود
لاہور (کامرس رپورٹر ) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے ریجنل چیئرمین محمد ندیم قریشی کی سربراہی میں ایف پی سی سی آئی کے اعلی سطحی وفدنے نجی شعبے کے باہمی روابط بڑھاکر تجارتی سرگرمیوں میں اضافے اور بیرونی سرمایہ کاری کیلئے اسپانیش چیمبر آف کامرس، میڈرڈ اسپین کا دورہ کیا اور ہسپانوی بزنس کمیونٹی سے ون ٹو ون بزنس میٹنگز کی گئیں۔محمد ندیم قریشی نے کہاکہ پاکستان میں اسپین کے سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔دونوں ممالک کا تجارتی حجم کاروباری وفود کے تبادلے اور تجارتی و صنعتی نمائشوں کے انعقاد سے بڑھایا جا سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان سے اسپین کے لئے سوئیٹرز، ٹیکسٹائل، گارمنٹس، جینز، ہوم ٹیکسٹائل فٹ ویئر، فارما سوٹیکل، اسٹیپل فائبرزاور اسپورٹس کا سامان بھیجا جاتا ہے جبکہ اسپین سے پاکستان کے لئے مشینری، بوائلرز، میکینکل، کنسٹرکشن مشینری، سرامکس، کیمیکل، دفاعی آلات کے ساتھ ساتھ اورگینک کیمیکل، ادویات اور جانوروں کی نگہداشت کی اشیاءبھیجی جاتی ہیں۔