• news

پی ٹی آئی ستیاناس‘پی ڈی ایم نے ملک کا سوا ستیا ناس کیا:عبدالعلیم خان

لاہور( نوائے وقت رپورٹ )استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ گزشتہ 5برسوں میں پی ٹی آئی نے ستیا ناس اور پی ڈی ایم نے سوا ستیا ناس کیا، آج عوام دونوں سے بیزار ہیں اور روائتی سیاست سے تنگ ووٹرز کے لئے استحکام پاکستان پارٹی ہی بہترین اور واحد چوائس ہے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے آج یہاں پارٹی سیکرٹریٹ میں سینئر رہنماو¿ں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں موجودہ ملکی و سیاسی صورتحال پر غورو خوض کیاگیا جبکہ پارٹی کے تنظیمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کی 5رکنی ڈسپلن کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی جس میں سینئر سیاستدان چوہدری نوریز شکور، رانا نذیر احمد خان، چوہدری ظہیر الدین، سردار طالب نکئی اور رانا محمد اسلم شامل ہوں گے۔ عبدالعلیم خان نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئند عام انتخابات کے حوالے سے کوئی ابہام نہیں،پارٹی رہنما اپنے اپنے علاقوں میں فوری انتخابی مہم شروع کریں۔عبدالعلیم خان نے پارٹی رہنماو¿ں سے کہا کہ وہ عوامی رابطہ مہم شروع کریں، عام آدمی تک پہنچیں اور انہیں اچھے مستقبل کی امید دلائیں۔اجلاس میں استحکام پاکستان پارٹی کے مختلف اضلاع میں ہونے والے ورکرز کنونشن کے مجوزہ شیڈول پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔پارٹی صدر عبدالعلیم خان نے صوبے میں ڈویڑنل سطح پر پارٹی رہنماو¿ں کو اہم ٹاسک سونپ دیے تاکہ آئندہ کے لائحہ عمل کو تیزی کے ساتھ آگے لایا جا سکے استحکام پاکستان پارٹی کے سینئر رہنماو¿ں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، کرنل ہاشم ڈوگر، نوریز شکور، رانا نذیر احمد خان اور اجمل چیمہ نے بھی اجلاس میں اظہار خیال کیا جبکہ سردار طالب نکئی،رانا محمد اسلم،ڈاکٹر مراد راس، مامون جعفر تارڑ، چوہدری ظہیر الدین، چوہدری اخلاق، پیر سعید الحسن شاہ، امیر حیدر سنگھا اور میاں خالد محمود بھی موجود تھے۔       

ای پیپر-دی نیشن