سپاہی محمد عارف شہید وطن پر مر مٹنے والے جانباز مجاہد تھے،اہلخانہ
اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)پاک فوج کے شہید سپاہی محمد عارف کے اہلخانہ نے کہا ہے کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی وطن کی مٹی نے پکارا، ہمارے جوانوں نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر لبیک کہا، سپاہی محمد عارف بے باک، نڈر اور وطن پر مر مٹنے کا عزم رکھنے والے جانباز مجاہد تھے جنہوں نے وطن عزیز کی خاطر شہادت کو گلے لگایا۔ سپاہی محمد عارف یکم ستمبر 2023 کو شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کے رتبے پر فائز ہوئے۔سپاہی محمد عارف شہید نے سوگواران میں والدین، ایک بیٹی اور بیوہ چھوڑے۔شہید کی والدہ نے کہا کہ میرے بیٹے کو فوج میں جانے کا بہت شوق تھا۔ میرا بیٹا ملک کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوا، میرے بیٹے نے شہادت کا رتبہ حاصل کیا اور اعلی مقام پر پہنچ گیا، میری دلی خواہش تھی کہ میرا بیٹا اونچے مقام پر پہنچے، اللہ نے میری سن لی اور اس کو شہادت کی موت نصیب ہوئی، شہید کے والد کا کہنا تھا کہ عارف پڑھائی میں بہت اچھا تھا اور بہت محنتی بچہ تھا، میرے بیٹے کے اندر ملک کے لئے لڑنے کا بہت جذبہ تھا، میرے بیٹے نے ہمارا اور ملک کا روشن کیا۔ شہید کی بیوہ نے کہا کہ میرے شوہر میرا بہت خیال رکھتے تھے، کبھی کسی چیز کی کمی نہیں ہونے دی ،میرے شوہر وطن کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہو گئے ، شوہر کی شہادت پر فخر ہے ۔ شہید کی بہن نے کہا کہ میرا بھائی ہمارا بہت خیال رکھتے تھے ، مجھے فخر ہے کہ میرا بھائی شہید ہوا اور میں شہید کی بہن ہوں ۔سپاہی محمد عارف شہید وطنِ عزیز کے دفاع کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کر کے آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ بن گئے۔