دنیا میں 6.1ارب سے 1.1ارب لوگ غربت میں زندگی بسر کررہے ہیں: اقوام متحدہ
اسلام آباد (آئی این پی) 110ممالک میں رہنے والے 6.1 ارب افراد میں سے 1.1 ارب غربت سے نبرد آزما ہیں۔اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کی طرف سے 17 اکتوبر کو عالمی انسداد غربت کے دن پر جاری کردہ 2023 کے عالمی کثیر جہتی غربت انڈیکس کے مطابق دنیا بھر کے 110 ممالک کے 6.1 ارب افراد میں سے 1.1 ارب لوگ غربت میں زندگی گزار رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق دنیا میں ہر 6 میں سے 5 غریب سب صحارا افریقا یا جنوبی ایشیاءمیں رہتے ہیں، سب صحارا علاقے میں رہنے والے 47.8 فیصد جبکہ جنوبی ایشیاءمیں 34.9 فیصد افراد غربت کی لکیر سے نیچے جاچکے ہیں۔جنوبی ایشیاءاور سب صحارا افریقا کے علاوہ غربت سے لڑنے والوں میں سے 65 فیصد چین، انڈونیشیا، میانمار، سوڈان اور یمن میں ہیں۔اقوام متحدہ نے دنیا کے تحفظ اور اس کی خوشحالی کو یقینی بنانے کیلئے جو ترقیاتی اہداف مقرر کئے ہیں ان میں 2030ءتک غربت کا خاتمہ شامل ہے۔(یو این ڈی پی) کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں غربت کی شرح میں اضافے کو کم کرنا اور یومیہ 3.65 ڈالر سے کم پر زندگی بسر کرنیوالے کروڑوں لوگوں کو 14 ارب ڈالر سے تھوڑی زیادہ رقم سے غربت سے نکالنا ممکن ہے۔