ڈالر اوپن مارکیٹ میں 50 پیسے مہنگا انٹر بنک ریٹ 31 پیسے گر گیا
کراچی (کامرس رپورٹر) سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق منگل کو انٹر بینک میں31پیسے کی کمی سے ڈالر کی قدر 279.43روپے ہو گئی اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50پیسے مہنگا ہو گیا جس کے بعد ڈالرکی قدر 281روپے سے بڑھ کر 281.50روپے پر جا پہنچی۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں 2روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے یورو کی قدر 298روپے سے بڑھ کر 300روپے ہو گئی۔ اسی طرح 2روپے کے اضافے سے برطانوی پونڈ کی قدر 343روپے سے بڑھ کر 345روپے پر جا پہنچی۔ دوسری طرف ملکی صرافہ مارکیٹوں میں 400روپے سستا ہو کر ایک تولہ سونے کی قیمت 2لاکھ 9ہزار 200روپے ہو گئی۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق منگل کو دس گرام سونے کی قیمت میں 343روپے کی کمی واقع ہوئی جس کے بعد دس گرام سونا 1لاکھ 79ہزار 355روپے کا ہو گیا۔ جبکہ عالمی مارکیٹ میں 20ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونا 1975ڈالر پر جا پہنچا۔