فلسطینیوں کی حمایت میں بیان پر اسرائیلی وزیر خارجہ کو مرچیں گوتریس کے ساتھ ملاقات سے انکار
فیصل آباد (انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ حماس کے حملے خلا میں نہیں ہوئے، فلسطینیوں کو 56 سال حبس زدہ قبضے کا شکار بنایا گیا۔ اسرائیل نے بیان پر احتجاج کرتے وزیر خارجہ ریلی کوہن نے گوتریس کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا اور ملاقات سے انکار کر دیا۔ سلامتی کونسل کے مشرق وسطیٰ پر ہونے والے سہ ماہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ غزہ میں بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش ہے، ایسے نازک لمحات میں اصولوں کا واضح ہونا ضروری ہے۔ حماس حملوں کو فلسطینیوں کو اجتماعی سزا دینےکا جواز نہیں بنایا جاسکتا،غزہ میں بھیجی جانے والی امداد ضروریات کے سمندر میں ایک قطرے کے برابر ہے۔ امداد پابندیوں کے بغیر بھیجی جانی چاہیے۔ اقوام متحدہ میں اسرائیلی مندوب نے گوتریس سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔