• news

بجلی چوری پر اجلاس: آج وزیراعظم کو بریفنگ دی جائے گی، 126 گیس کنکشن منقطع

کامونکی‘ فیصل آباد‘ لاہور (نمائندہ خصوصی+ این این آئی+ نیٹ نیوز) بجلی چوری میں ملوث مشتبہ دو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے انچارج ٹاسک فورس ٹیم فیسکو گوجرہ ڈویژن ملک بابر حسین LFM-I کو شدید زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ اسے مقامی ہسپتال میں داخل کرایا گیا لیکن بعدازاں زخموں کی نوعیت شدید ہونے کی بناءپر اسے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کردیا گیا۔ 2گولیاں ٹانگ میں لگیں‘ ٹانگ فریکچر ہوگئی۔ پولیس واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے۔ فیسکو ریجن کے چھ آپریشن سرکلز میں فیسکو ٹیموں نے دوران چیکنگ مزید 40 بجلی چوروں کو پکڑ لیا جو ڈائریکٹ سپلائی اور دیگر مختلف طریقوں سے بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان بجلی چوروں کو 77ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 33لاکھ 51ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ فیسکو ریجن میں اب تک رننگ ڈیفالٹرز سے 11کروڑ 27لاکھ سے زائد جبکہ مستقل نادہندگان سے اب تک 34کروڑ سے زائد کے واجبات وصول کرلئے گئے ہیں۔ پنجاب‘ خیبر پی کے اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گیس چوری پر مزید 126 کنکشن کاٹ دیئے گئے۔ گذشتہ روز سٹی اور ایمن آباد پولیس نے گیپکو کے ایس ڈی اوز ادریس چیمہ، حافظ محمد ابراہیم اور طارق محمود کی درخواستوں پر ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی چوری کرنے والے محلہ رسولنگر کے عباس، محلہ مسلم گنج کے راشد منہاس اور ڈیرہ کھڑل والا کے وارث کیخلاف مقدمات درج کرلیے ہیں۔ ملک میں بجلی چوری کی روک تھام سے متعلق اجلاس طلب کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرصدارت اجلاس آج دن 12 بجے ہو گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزارت توانائی کے حکام نگران وزیراعظم کو بریفنگ دیں گے جبکہ بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن