غزہ: فلسطینیوں کا جبری انخلا انسانیت کیخلاف جرم: آرمی چیف
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ فلسطین کی جدوجہد آزادی کو دہشتگردی سے تعبیر کرنا نادانی ہے۔ پاکستان فلسطینیوں کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھے گا۔ آرمی چیف سے فلسطین کے سفیر احمد جواد نے منگل کو جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ آرمی چیف نے غزہ میں جاری جنگ میں فلسطینیوں کے جانی نقصان پر اظہار تعزیت کیا۔ آئی ایس پی آر کے اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے فلسطین کے سفیر احمد سے ملاقات میں اسرائیلی فوج کی جانب سے معصوم شہریوں کے بے دریغ قتل، سکولز، یونیورسٹیز، امدادی کارکنوں اور ہسپتالوں پر حملوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ فلسطین پر غیرقانونی قبضے کے خاتمے کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ غزہ سے فلسطینیوں کا جبری انخلاء انسانیت کے خلاف جرائم کا عکاس ہے۔ عالمی برادری اسرائیلی فوج کو جاری مظالم کی حوصلہ افزائی سے باز رکھنے کے لئے متحرک ہو۔ آرمی چیف نے 1967ءسے پہلے سے سرحدی بنیاد پر قائم فلسطینی ریاست کی حمایت کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ اسرائیل کی خود غرضی اور تنگ نظری کے تحت جبر ہو رہا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مظالم انسانیت اور شہری اقدار کی خلاف ورزی کے عکاس ہیں۔