نوازشریف کے ساتھ لفظ جلاوطن زیب نہیں دیتا،سعیدغنی
کراچی(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدراور سابق صوبائی وزیر سعیدغنی نے کہا ہے کہ نواز شریف علاج کےلئے باہر گئے تھے اور جب ڈاکٹروں نے صحت مند قرار دیا وہ واپس آگئے نوازشریف کےساتھ لفظ جلا وطن زیب نہیں دیتا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہاکہ وفاقی حکومت میں مسلم لیگ(ن) کے لوگ شامل ہیں، پنجاب کی حکومت مسلم لیگ(ن) کی مرضی سے چلتی ہے الیکشن میں پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں کو ایک جیسے مواقع میسر ہوں۔انہوں نے کہا کہ 2108 میں چیئرمین پی ٹی آئی کو لاڈلہ بناکر پیش کیا گیا تھا آج کسی اورکولاڈلہ بنا کر پیش کیا جا رہا ہے لاڈلہ بنانے پر ہمیں کل بھی اعتراض تھا آج بھی اعتراض ہے۔سعیدغنی نے کہا کہ پی ڈی ایم ہم نے بنائی تھی یہ بات درست ہے ہم اس کاحصہ بھی تھے چیئرمین پی ٹی آئی کے جانے کے بعد ہم پی ڈی ایم کاحصہ نہیں تھے ہم تمام سیاسی پارٹیوں کو الیکشن میں دیکھنا چاہتے ہیں وہ لوگ جنہوں نے جی ایچ کیوپرحملہ کیا ان کوسزاملنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ ن لیگ کا ماننا تھا چیئرمین پی ٹی آئی کوجیل میں ڈالا جائے یا پارٹی پرپابندی ہو لیکن پاکستان پیپلزپارٹی کی ایسی سوچ نہیں تھی۔