مقبوضہ کشمیر: ریاستی دہشتگردی جاری، 2 نوجوان شہید، کشمیری آج یوم سیاہ منائیں گے
سرینگر(این این آئی‘ اے پی پی) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں جمعرات کوضلع کپواڑہ میں دو نوجوانوں کو ایک جعلی مقابلے میں شہید کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کوضلع کے علاقے مژھل میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران فرضی مقابلے میںشہید کیا۔دوسری جانب ضلع پلوامہ میں آج ایک بھارتی فوجی نے خودکشی کر لی۔ کشمیر میڈیا کے مطابق ضلع کے علاقے پامپور میں قائم بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز کے کیمپ میں ایک اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے گولی مار کر خودکشی کی جبکہکنٹرول لائن کے دونوں طرف اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری کل(جمعہ کو) یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے جس کا مقصد دنیا کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں کی سرزمین پر ان کی مرضی کے خلاف اور غیر قانونی طور پر قبضہ جما رکھا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ 27 اکتوبر 1947 کا دن تھا جب بھارت نے تقسیم برصغیر کے فارمولے کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور کشمیریوں کی امنگوں کے منافی سرینگر کے ہوائی اڈے پر فوج اتار کر جموںوکشمیر پر غیر قانونی طور پرتسلط کیا تھا۔یوم سیاہ منانے کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے۔ حریت کانفرنس نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل 27 اکتوبر کومکمل ہڑتال کی بھی اپیل بھی کی ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر اور جموں وکشمیر لبریشن سیل کے زیراہتمام 27 اکتوبر یوم سیاہ کے موقع پر اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جائےگا۔