نواز شریف قصور میں پہلے جلسہ سے انتخابی مہم کا آغاز کریں گے
لاہور (نیوز رپورٹر) نواز شریف نے اپنی آئندہ کی سیاسی مصروفیات کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا، قصور میں پہلے انتخابی جلسے سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے پارٹی کو انتخابی مہم کے لئے لائحہ عمل ترتیب دینے کے لئے پارٹی کو ہدایت کر دی ہے۔ انتخابی مہم کے تحت نواز شریف ملک بھر میں عوام کو متحرک کرنے کے لئے جلسے اور کنونشنز کریں گے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ قائد نواز شریف نے پارٹی کی صوبائی تنظیموں کو جلسوں کے شیڈول تیار کرنے اور اس کے مطابق انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ پارٹی کی صوبائی تنظیموں کی جانب سے نواز شریف کو اپنے اپنے اضلاع میں پہلے جلسے کرنے کی دعوت دی جائے گی۔ پارٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب کی تنظیم کی جانب سے نواز شریف کو قصور میں پہلا انتخابی جلسہ کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔ خیبرپی کے میں صوبائی تنظیم کی جانب سے نواز شریف کو مانسہرہ میں جلسہ کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔ پارٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پارٹی تنظیموں نے نواز شریف کے جلسوں کے انعقاد کے لئے مقامات، تاریخوں اور دیگر امور پر مشاورت شروع کر دی ہے۔ میاں نواز شریف سندھ اور بلوچستان کے دورے بھی کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی جانب سے تمام عہدیداروں، رہنماﺅں اور ٹکٹ ہولڈرز کو اپنے حلقوں میں فعال رہنے کی ہدایت کی ہے، اور اسی طرح شہباز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز الگ الگ علاقوں میں جلسے کیا کریں گے۔