• news

 تنازعہ کشمیر خطے میں استحکام اور دنیا میں امن کا مسئلہ ہے ‘ بلاول 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے تنازعہ کشمیر خطے میں استحکام اور دنیا میں امن کا مسئلہ ہے، جس دن عالمی برادری کو جنوبی ایشیا کے اس تصفیہ طلب تنازع کے حل کے متعلق اپنی ذمہ داری کا احساس ہوگا، کشمیریوں کی فتح ہوگی۔ یومِ سیاہ کشمیر کے موقعے پر پیغام میں انہوں نے کہا آج مقبوضہ جموں و کشمیر پر وہاں کی عوام کی مرضی کے خلاف غیر قانونی قبضے کو 76 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ اس طویل عرصے کے دوران، بھارت نے اپنے قبضے کو برقرار رکھنے کے لیے ہزاروں کشمیریوں کو شہید اور لاکھوں کشمیریوں پر تشدد کےساتھ جنت النظیر وادی کو دنیا کے سب سے بڑے اوپن جیل میں تبدیل کر رکھا ہے۔ کشمیریوں کی جدوجہد اور قربانیاں آزادی کے جذبے سے سرشار ایک قوم کی بے مثال تحریک کی آئینہ دار ہے۔ بھارت سے کشمیر کی آزادی قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو کا مشن تھا۔ شہید بینظیر بھٹو زندگی بھر کشمیر کاز کے لیے جدوجہد کرتی رہیں۔ صدر زرداری پاکستان کھپے کےساتھ کشمیر کھپے کا نعرہ لگاتے ہیں۔ بطور وزیرِ خارجہ میں نے بھی دنیا کے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر پر آواز اٹھائی ہے۔ ہماری کاوشوں کے نتیجے میں جرمنی جیسے ممالک بھی آج بول رہے ہیں جو کچھ مقبوضہ وادی میں ہو رہا ہے ایسا مزید نہیں چل سکتا۔ پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کشمیری شہداءکو خراج عقیدت اور مقبوضہ کشمیر کی عوام کو طویل اور کٹھن جدوجہد کے مراحل کے دوران بے مثال عزم و استقلال کا مظاہرہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن