نوازشریف کی آمد نے سیاسی ماحول بدل دیا، معاشی بدحالی بھی بدلیں گے: شہباز شریف
لاہور(نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے قائد نوازشریف کی پاکستان آمد نے سیاسی ماحول بدل دیا ہے۔ شہباز شریف سے سابق ارکان قومی اسمبلی علی پرویز ملک اور شائستہ پرویز ملک نے لاہور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے صدر نے 21 اکتوبر کے جلسے کے انعقاد پر پارٹی رہنماو¿ں اور کارکنوں کی محنت کو سراہا۔ شہباز شریف نے کہا قائد نواز شریف کی پاکستان آمد نے سیاسی ماحول بدل دیا ہے۔ سیاسی ماحول کی طرح معاشی بدحالی کے ماحول کو بھی بدلیں گے۔ پاکستان کے حالات بدلنے کے لئے اتحاد ضروری ہے۔ اس موقع پر دونوں رہنماوں نے پارٹی صدر سے جماعتی و سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ مزید براں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جاری پیغام میںشہباز شریف نے کہا اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور عالمی برادری مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے۔کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے جاری پیغام میں صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ 27 اکتوبر1947 کو بھارت نے کھلی جارحیت کرتے ہوئے جموں و کشمیر پر فوج کشی کی، 76 سال سے بھارت عالمی قانون، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، ناجائز قبضے کو طول دینے کےلئے بھارت نے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے ہیں۔شہبازشریف نے مزید کہا مقبوضہ جموں وکشمیر اور فلسطین کے عوام کے بنیادی انسانی و قانونی حقوق اور استصواب رائے کا حق مل جانے تک اپنے مظلوم بھائیوں بہنوں کی مدد کرتے رہیں گے۔