سینئر جج محمد بشیر 14 مارچ کو ریٹائر ہونگے‘ ایک صدر 6 وزرائے اعظم کے کیسز سن چکے
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) 6 سابق وزرائے اعظم اور ایک سابق صدر کے مبینہ کرپشن کیسز کی سماعت کرنے والے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر 14 مارچ 2024 کو ریٹائرڈ ہو جائیں گے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کے جج محمد بشیرکی ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر اسلام آباد میں 2012 سے تعینات ہیں اور تین مرتبہ توسیع بھی ملی۔ جج محمد بشیر نے چھ وزرائے اعظم نواز شریف، شاہد خاقان عباسی، راجہ پرویز اشرف، عمران خان، شوکت عزیز اور یوسف رضا گیلانی کے کیسز پر سماعت کی۔ انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف بھی نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔