سپریم جوڈیشل کونسل نے 10شکایات پر جسٹس مظاہر سے جواب مانگ لیا، جسٹس اعجاز الاحسن کیخلاف شکایت خارج
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم جوڈیشل کونسل نے سپریم کورٹ کے جج جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کو شوکاز نوٹس جاری کرکے 14 دن میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے جبکہ کونسل نے جسٹس اعجازالاحسن کے خلاف شکایت کو خارج کر دیا ہے۔ جسٹس سردار طارق مسعود کی شکایت کنندہ آمنہ ملک کو بھی نوٹس جاری کردیا گیا۔ کونسل کی جانب سے جمعہ کے اجلاس کی کارروائی کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ آخری اجلاس 12 جولائی 2021 کو سابق چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں ہوا۔ اس کے بعد اجلاس جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جمعہ کے روز 27 اکتوبر کو ہوا۔ اجلاس میں جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس اعجاز الاحسن، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ امیر بھٹی اور چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ نعیم افغان نے بطور ممبر شرکت کی۔ اجلاس میں سپریم جوڈیشل کونسل نے 29 شکایات کا جائزہ لیا، ان 29 شکایات میں سے 19 شکایات مسترد کردی گئیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ من گھڑت شکایات بھیجنے والے وکلاءکو انتباہ جاری کیا گیا ہے جبکہ جسٹس مظاہر نقوی کے خلاف 10 شکایات کونسل کو موصول ہوئیں، کونسل نے 3 اور 2 کے تناسب سے جسٹس مظاہر نقوی کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ شوکاز نوٹس کے ساتھ جسٹس مظاہر نقوی کو شکایات کی نقول بھی بھیجی جائیں گی۔ جسٹس مظاہر نقوی 14 دنوں میں شوکاز نوٹس کا جواب دیں۔ دوسری جانب جسٹس مظاہر نقوی کو شوکاز جاری کرنے سے اتفاق نہ کرنے والے اقلیتی ممبران کا کہنا ہے کہ انہیں شکایات پر جائزے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔ ایک شکایت سپریم کورٹ کے ایسے جج کے خلاف کی گئی جو سپریم جوڈیشل کونسل کے ممبر ہیں۔ کونسل کے رکن جج کے خلاف شکایت کے جائزے کے لیے کونسل کی تشکیل نو کی گئی۔ جسٹس منصور علی شاہ کو کونسل میں شامل کیا گیا۔ جسٹس اعجاز الاحسن کی جانب سے معذرت کے بعد کونسل میں جسٹس منصور علی شاہ کو نشست دی گئی۔ شکایت پر غور کے بعد جسٹس اعجاز الاحسن کیخلاف شکایت کو خارج کردیا گیا۔ جسٹس سردار طارق مسعود کے خلاف آمنہ ملک نامی شکایت کنندہ کی شکایت کا جائزہ لیا گیا۔ جسٹس سردار طارق مسعود کی شکایت کا جائزہ لیتے وقت بھی جسٹس منصور علی شاہ کونسل کا حصہ تھے۔ اعلامیہ کے مطابق کونسل نے جائزہ لیا کہ اس شکایت کے ساتھ متعلقہ مواد لف نہیں، کونسل نے شکایت کنندہ آمنہ ملک کو ہدایت کی ہے کہ وہ متعلقہ مواد بھی کونسل کو بھیجیں، کونسل نے آئندہ اجلاس پر جسٹس سردار طارق مسعود کے خلاف شکایت کنندہ کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔