• news

کشمیری بیٹھے ہیں، یوم سیاہ پر قرارداد ان سے پیش کرا لیں: اسحاق ڈار

نگران حکومت کے قیام کے بعد ایوان بالا کا پہلا اجلاس ہوا، نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی اور نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے شرکت کی، کارروائی معطل کرکے مرحوم سینیٹرز رانا مقبول احمد اور ایس ایم ظفرکی خدمات کو اراکین کی جانب سے زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تعزیتی قرارداد منظور کی۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے سینیٹر کامل علی آغا کو یوم سیاہ کے موقع پر کشمیریوں کیساتھ یکجہتی کی قرارداد پیش کرنے کا کہا تو سینیٹر اسحاق ڈار نے لقمہ دیا کہ یہاں کشمیری بیٹھے ہیں ان سے پیش کروا لیں۔ جس پر کامل علی آغانے کہا کہ میں پڑھ لوں گا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی دوران اجلاس اپنی نشست سے اٹھ کر سینیٹر عرفان صدیقی کے پاس بیٹھ کر گفتگو کرتے رہے۔ جبکہ پیپلزپارٹی کی سینیٹر پلوشہ خان اجلاس کے دوران پچھلی نشستوں پر ساتھی اراکین کیساتھ گفت و شنید میں مصروف رہیں۔ اجلاس کی کارروائی کے دوران سینیٹر رانا مقبول کے برخوردار چیئرمین گیلری میں موجود رہے جبکہ ایس ایم ظفر کے بیٹے سینیٹر علی ظفر نے بھی والد کی وفات پر تعزیت اور ان کی خدمات کے اعتراف میں تعریفی کلمات پر ساتھی اراکین کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن