استحکام پاکستان پارٹی کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے: فردوس عاشق اعوان
ملتان (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان استحکام پاکستان پارٹی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے ، ہم کشمیریوں کی آواز بنیں گے۔ترجمان استحکام پاکستان پارٹی فردوس عاشق اعوان نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی دہشتگرد فوج نے کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں بدل دیا گیا ہے، کشمیریوں کا استحصال ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نہتے فلسطینی بہن، بھائیوں پر اسرائیل کی جانب سے مظالم ڈھائے جارہے ہیں، دنیا نے کیوں مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہوئی ہے؟فردوس عاشق اعوان کاکہنا تھا کہ ہمیں اسرائیل کی اس غنڈہ گردی پر خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہیے ، ہیومن رائٹس کے چیمپئن آج انسانیت کا قتل عام دیکھ رہے ہیں، اسرائیل کو پوری سپورٹ حاصل ہے،اسلحہ اور بارود فراہم کیا جارہا ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ مسلم امہ کو یکجا کرکے ایک مشترکہ حکمت عملی کا فوری اعلان کیا جائے۔