جدہ میں سوڈان فریقین کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع
جدہ(این این آئی)جدہ میں سوڈان میں لڑائی کے دونوں فریقوں کے درمیان مذاکرات دوبارہ شروع ہوگئے ۔ سعودی عرب نے سوڈانی فوج اور ریپڈ سپورٹ فورسز دونوں پر زور دیا کہ وہ لڑائی بند کر دیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے زور دیا کہ وہ 11 مئی کو جدہ اعلامیہ اور سوڈان میں شہریوں کے تحفظ کے عزم کے تحت طے پانے والے معاہدے پر دوبارہ عمل درآمد شروع کردیں۔سعودی عرب نے جدہ شہر میں فوج اور آر ایس ایف کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات کی بحالی کا بھی خیر مقدم کیا۔ ان مذاکرات میں ریاض اور واشنگٹن نے سہولت فراہم کی ہے۔ افریقی یونین اور بین الحکومتی اتھارٹی آن ڈویلپمنٹ (IGAD) دونوں کے مشترکہ نمائندے بھی مذاکرات میں مدد کر رہے ہیں۔سعودی عرب نے صفوں کے اتحاد پر گہری دلچسپی دکھانے اور خونریزی کو روکنے اور سوڈانی عوام کے مصائب کو دور کرنے کے لیے حکمت کو ترجیح دینے کی اہمیت کا اعادہ کیا۔ سعودی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق ایک سیاسی معاہدہ کی ضرورت ہے جس کے تحت سوڈان اور اس کے عوام کے لیے سلامتی، استحکام اور خوشحالی حاصل کی جائے۔عبوری خودمختاری کونسل کے نائب صدر ملک آقار نے کہا کہ حکومت نے موجودہ جنگ کو 4 مراحل سے گزارنے کے لیے ایک روڈ میپ پیش کیا ہے۔ یہ روڈ میپ دونوں فوجوں کے پیچھے ہٹنے، انسانی بنیادوں پر بحالی آپریشن شروع کرنے،ریپڈ سپورٹ فورسز کو ضم کرکے واحد فوج بنا کر جنگ کے مسئلے کو حل کرنے اور آئین پر معاہدے پر مبنی ایک سیاسی عمل پر مشتمل ہے۔