• news

فضل الرحمن حریف، تصاویر، جاری کرنا نامناسب، اسد قیصر: اڈیالہ جیل سے نوشتہ دیوار پڑھ لیا، حافظ حسین

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پی ٹی آئی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ جے یو آئی (ف) کا پی ٹی آئی رہنماﺅں سے ملاقات کی تصویریں اور ویڈیو جاری کرنا انتہائی نامناسب ہے۔ مولانا فضل الرحمن کے گھر ان کی خوش دامن اور باجوڑ سانحے کی تعزیت کیلئے گئے تھے۔ مولانا فضل الرحمن سیاسی حریف ہیں‘ ان کے ساتھ الیکشن میں بھرپور مقابلہ کریں گے۔ دریں اثناءاسد قیصر نے کہا کہ نواز شریف ڈیل کے بغیر کوئی کام نہیں کرتے۔ نواز شریف کو وزیراعظم بنانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ اس طرح کا الیکشن پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا دھاندلی والا الیکشن ہو گا۔ علاوہ ازیں حافظ حسین احمد نے کہا کہ جے یو آئی کے در پر حاضری کا مطلب ہے کہ اڈیالہ جیل سے نوشتہ دیوار پڑھ لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے حصول کیلئے سیاسی پارٹیوں کو یکجا ہونا پڑے گا۔ سیاسی جماعتیں آج مل کر نہ بیٹھیں تو پھر نہ وہ رہیں گے نہ ہم رہیں گے۔ حافظ حسین احمد نے مزید کہا کہ جمہوریت کے کرکٹ کو مارشل لاءکی گلی ڈنڈے میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کی تاریخ کو مزید آگے بڑھانے کی بو آرہی ہے۔ کل کے حریفوں کو آج کا حلیف بن کر ایک ہی ٹرک پر کھڑے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن