پی ایس او نے قرضہ حد 50 کروڑ کر دی، پی آئی اے پروازیں جلد بحال ہونے کا امکان
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پی آئی اے اور پی ایس او کے درمیان معاملات طے پا گئے، جس کے نتیجے میں پروازیں جلد معمول پر آنے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق ایندھن اور ادائیگیوں کے حوالے سے قومی فضائی کمپنی پی آئی اے اور پاکستان سٹیٹ آئل (پی ایس او) کے درمیان معاملات طے ہو گئے، جس کے بعد اگلے چند روز میں قومی ائرلائن کو ایندھن کی فراہمی بتدریج بڑھنا شروع ہو جائے گی، جس سے متاثرہ پروازوں کا شیڈول معمول پر آنا شروع ہو جائے گا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی ایس او نے قومی ائرلائن کی مالی مشکلات کے پیش نظر کریڈٹ کی سہولت میں توسیع کردی ہے۔ پی ایس او نے پی آئی اے کی قرضوں کی حد میں 50 کروڑ روپے کا اضافہ کر دیا۔ پی ایس او ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے اپنی 15 ارب روپے کی قرضوں کی حد پہلے ہی پوری کر چکا ہے۔27 اکتوبر کو دونوں جانب سے حکام کے درمیان مذاکرات میں کریڈٹ کی حد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ دوسری جانب مالی اور ایندھن بحران کی وجہ سے پی آئی اے کا شیڈول تاحال شدید متاثر ہے، جس کی وجہ سے ملکی و غیر ملکی مزید 59 پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں۔ قومی ائرلائن کے مالی بحران سے جڑے ایندھن کے مسئلے کو 2ہفتے سے زائد ہوگئے، جس کے نتیجے میں گزشتہ 17 روز کے دوران 597 پروازیں اڑان نہیں بھر سکیں۔