اڈیالہ جیت میں چیئرمین پی ٹی آئی سے قصور پولیس کی 5 گھنٹے تفتیش
قصور (نیٹ نیوز) اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے قصور پولیس نے 5گھنٹے پوچھ گچھ کی۔ ڈی پی او طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ایس پی انویسٹی گیشن شاہد احمد خان چدھڑ اڈیالہ جیل گئے، چیئرمین پی ٹی آئی قصور کے 5 تھانوں میں درج مقدمات میں نامزد ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سنگین دفعات کے تحت الہ آباد، کھڈیاں، کوٹ رادھا کشن، سٹی پتوکی اور اے ڈویڑن سٹی میں مقدمات درج ہیں۔ ترجمان قصور پولیس کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن نے ٹیم کے ہمراہ 5 گھنٹے تک چیئرمین پی ٹی آئی سے تفتیش کی، چیئرمین پی ٹی آئی کو تحریری سوالنامہ بھی پولیس کی طرف سے دیا گیا۔گوجرانوالہ پولیس نے 9 مئی کے واقعات کے بارے میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سے الگ الگ تفتیش کی۔ تھانہ کینٹ گوجرانوالہ کی پولیس کی اڈیالہ جیل آمد، تفتیشی ٹیم کی قیادت گوجرانوالہ میں قائم جے آئی ٹی ممبر انسپکٹر طاہر نے کی، پولیس ٹیم قانونی ضابطے پورے کرکے واپس روانہ ہوئی، گوجرانوالہ پولیس ٹیم نے چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سے الگ الگ تفتیش کی۔ذرائع کے مطابق پولیس ٹیم نے سوا گھنٹے تک چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی سے تفتیش کی، مختلف سوالات پوچھنے کے بعد ٹیم جیل سے واپس چلی گئی۔