غیرقانونی مقیم غیرملکی افراد کیخلاف شکنجہ سخت، ٹیمیں ڈیٹا اکٹھا کرنے میں مصروف
سیالکوٹ لاہور (نمائندہ نوائے وقت+ این این آئی) یکم نومبر سے قبل غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم غیر ملکیوں کو نکالنے کا عمل تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ یکم نومبر سے غیر قانونی طور پر پاکستان میں مقیم غیر ملکیوں کیخلاف کریک ڈاو¿ن کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا اور اس سلسلہ میں تمام محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ متعلقہ محکموں نے باقاعدہ طور پر غیر ملکیوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنا شروع کر دیا ہے۔ اب تک 1لاکھ سے زائد غیر قانونی طور پر مقیم افغانی اور دیگر غیر ملکی پاکستان سے نکل چکے ہیں اور ان کے نکلنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے تاہم یکم نومبر سے ان کے خلاف کریک ڈاو¿ن کیا جائے گا۔ دریں اثناءپنجاب بھر سے غیر قانونی تارکین وطن کی واپسی کے لیے جامع اقدام اٹھا لئے گئے۔31اکتوبر کی ڈیڈ لائن کے تناظر میں غیر قانونی غیر ملکی افراد کے انخلا کے لیے تیاریاں فیصلہ کن مراحل میں داخل ہو گئیں۔ مختلف آبادیوں میں لوگوں کی سکیننگ اور غیر ملکی افراد کی میپنگ کا عمل تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ پولیس اور متعلقہ محکموں کے اہلکاروں پر مشتمل ٹیمیں نگر نگر، گلی گلی مصروف عمل دکھائی دیتی ہیں۔ ان ٹیموں کو پاکستان رینجرز اور دیگر فورسز کی جانب سے سکیورٹی کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔ جن افراد کے پاس پاکستان میں رہائش کے لیے ضروری دستاویز موجود نہیں انہیں 31اکتوبر تک از خود ملک چھوڑنے کا کہا جا رہا ہے۔