اسلام آباد میں غزہ مارچ کی اجازت سے انکار، جماعت اسلامی کارکنوں پر شیلنگ، متعدد گرفتار
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد انتظامیہ نے جماعت اسلامی کو امریکی سفارت خانے کے باہر غزہ ملین مارچ کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے متعدد کارکنوں و رہنماو¿ں کو گرفتار کر لیا، جس کے دوران حراست میں ایک رہنما کو ہارٹ اٹیک بھی ہوا ہے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اتوار کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے سامنے غزہ مارچ کا اعلان کیا۔ جس میں اسرائیلی بربریت اور مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی جبکہ امریکہ کے کردار کو عیاں کرنا تھا تاہم مقامی انتظامیہ نے ڈپلومیٹک انکلیو کے قریب مارچ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ مارچ کے سلسلے میں جماعت اسلامی کی جانب سے راستوں اور گزر گاہوں پر کیمپ لگائے گئے جبکہ تیاری شروع کی گئی تو پولیس نے انہیں روک دیا اور تمام سامان کو ضبط کر کے کیمپ اکھاڑ دیئے۔ کریک ڈاو¿ن کے دوران حراست میں لیے گئے تاجر اور جے آئی کے رہنما کاشف چوہدری کو ہارٹ اٹیک ہوا، جس پر انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد پولیس اور ایف سی نے غزہ یک جہتی مارچ کی تیاریوں سے روکتے ہوئے ریڈ زون سے سٹیج اور ساو¿نڈ سسٹم سمیت دیگر سامان قبضے میں لے لیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنماو¿ں اور کارکنوں نے مزاحمت کی تو پولیس نے امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا سمیت متعدد کارکنوں و رہنماو¿ں کو گرفتار کر لیا۔ دوسری جانب ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے کہا ہے کہ سری نگر ہائی وے بند کرنے پر کچھ افراد کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ کسی سیاسی تنظیم کو اسلام آباد میں سڑک اور راستے بند کرنے کی اجازت نہیں۔ دفعہ 144 کے نفاذ کے دوران اسلام آباد میں جلسے جلوس کی اجازت نہیں ہے۔ ترجمان اسلام آباد پولیس نے واضح کیا کہ دفعہ 144 کے نفاذ کی وجہ سے کسی سیاسی تنظیم کو اسلام آباد میں سڑک اور راستے بند اور جلسے جلوس کرنے کی کسی کو اجازت نہیں ہے۔ کسی بھی معاملے پر پر امن احتجاج کا انعقاد باقاعدہ اجازت کے بعد ممکن ہے۔ پولیس نے شدید آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے بعد جماعت اسلامی کے کارکن منتشر ہو گئے اور سری نگر ہائی وے کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ فلسطین میں انسانوں کی بستی کو تاراج کیا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی ادارے بے بس، امریکا اسرائیلی سفاکیت کی کھلم کھلا حمایت کر رہا ہے۔ ساری صورت حال میں سب سے تکلیف دہ اسلامی دنیا کے حکمرانوں کی خاموشی ہے۔ غزہ میں 20روز سے جاری آگ و خون کے کھیل کے بعد اقوام متحدہ نے جنگ بندی کی قرارداد منظور کی۔ اس کے باوجود اسرائیل نے زمینی حملہ کر دیا۔ علاقہ میں مواصلاتی رابطے مکمل منقطع، نہیں معلوم اب تک کتنے معصوموں کو قتل کر دیا گیا۔ بچے، خواتین شہید ہو رہے ہیں۔ ہسپتالوں میں مریضوں پر بارود برسایا جا رہا ہے، کوئی ایک تنظیم اسرائیل کو لگام نہیں ڈال سکتی۔ اسلامی ممالک کی حکومتیں متحد ہو کر عملی اقدامات کریں۔ امریکہ اور اسرائیل پر دباو¿ بڑھایا جائے۔ جماعت اسلامی اسرائیل کی امریکی سرپرستی کے خلاف آج اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ کے سامنے غزہ مارچ کا انعقاد کرے گی۔ احتجاج کے راستے میں انتظامیہ رکاوٹیں ڈالنے کی غلطی نہ کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لبرٹی چوک لاہور میں فلسطین امدادی کیمپ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے قوم سے اپیل کی کہ الخدمت فاو¿نڈیشن کی طرف سے قائم کیے گئے امدادی کیمپوں میں بڑھ چڑھ کر عطیات دے اور غزہ مارچ میں بھرپور شرکت یقینی بنائے۔ امیر جماعت نے فلسطینیوں سے بھرپور اظہار یکجہتی پر اہل لاہور کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے گزشتہ رات گئے اسلام آباد میں غزہ مارچ کے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا اور جلسہ گاہ کا دورہ کیا۔ انھوں نے اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے کارکنان کی گرفتاری کی پ±رزور مذمت کی اور ان کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر لاہور ضیاءالدین انصاری، رہنما جماعت اسلامی اظہر بلال بھی موجود تھے۔