300 یونٹ بجلی مفت، بائیک والوں کو آدھی قیمت پر پٹرول ملے گا: استحکام پاکستان پارٹی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) استحکام پاکستان پارٹی کے پہلے پبلک پاور شو سے خطاب کرتے ہوئے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین اور صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عوام اب کسی قیمت پر آزمائی ہوئی سیاسی جماعتوں پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں، آئندہ انتخابات میں نئی قیادت سامنے آئے گی۔ غریب آدمی روٹی، کپڑے اور پینے کے صاف پانی کو ترس کر رہ گیا ہے۔ 40سال سے اقتدار کی باریاں لینے والے، پنجاب میں 7، سندھ میں 6 اور کے پی میں 2مرتبہ اقتدار کا مزہ لوٹنے والوں نے عام آدمی کے لئے کچھ نہیں کیا۔ ساڑھے3سال پی ٹی آئی اور ڈیڑھ سال پی ڈی ایم نے ملک میں لوٹ کھسوٹ، مہنگائی، بے روزگاری، بد امنی اور عام آدمی کے لئے مسائل کا بازار گرم رکھا اور اب وہی چہرے نعروں میں ردو بدل کے ساتھ پھر سامنے آنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے اپنی جماعت کے منشور کے اہم نکات سامنے لاتے ہوئے کہا کہ انشاءاللہ اقتدار میں آکر مہنگائی کے مارے ہوئے متوسط طبقے کو ماہانہ تین سو یونٹس مفت بجلی دیں گے۔ موٹر سائیکل سواروں کو آدھی قیمت پر پٹرول ملے گا جبکہ ساڑھے 12 ایکڑ تک کسانوں کو زرعی اراضی کے لئے سولر پر مفت ٹیوب ویلز فراہم کریں گے۔ استحکام پاکستان پارٹی دور دراز کے اضلاع سمیت ہر یونین کونسل میں معیاری ڈسپنسریاں قائم کرے گی، غریب اور بے گھر لوگوں کو رہائشی سہولتیں دینے کے لئے کچی آبادیوں میں مالکانہ حقوق دیں گے جبکہ شہروں میں لوگوں کو چھت فراہم کرنے کے لئے اپارٹمنٹ بلڈنگز کے رہائشی منصوبے بنیں گے۔ 10سال پہلے جہانگیر ترین اور انہوں نے پی ٹی آئی کا ساتھ اس لیے دیا تھا کہ پاکستان کے عوام کو دو پارٹیوں کے روایتی اقتدار سے نجات دلائی جا سکے لیکن وہ سارے خواب چکنا چور ہو گئے اور شوکت خانم کا ماڈل دکھا کر ہمیں بزدار کے حوالے کر دیا گیا۔ فرح گوگی نے پنجاب میں ڈپٹی کمشنر، کمشنر اور ڈی پی او لگانے کے ریٹ طے کیے اور پنجاب جیسے سرپلس صوبے کو دیوالیہ کر دیا گیا۔ جہانگیر خان ترین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے جس سفر کا آغاز 10سال پہلے کیا تھا ہم آج بھی ا±س میں سب اکٹھے ہیں اور انشاءاللہ ہم پاکستان کے عوام کو صحیح معنوں میں تبدیلی سے ہمکنار کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب انشاءاللہ استحکام پاکستان پارٹی کا قلعہ ثابت ہو گا اور ہم ملک بھر سے کامیابی حاصل کریں گے۔ استحکام پاکستان پارٹی کے ورکرز کنونشن میں سابق تحصیل ناظم و ممبر پنجاب اسمبلی کرم داد واہلہ نے پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا جنہیں جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان نے پارٹی پرچم پہنا کر خوش آمدید کہا۔ اسحاق خاکوانی، فردوس عاشق اعوان، عون چوہدری، شعیب صدیقی، میاں خالد محمود، اجمل چیمہ، نعمان لنگڑیال اور وسیم رامے بھی موجود تھے جبکہ شرکاءڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے اور پارٹی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔