پاکستان ترکیہ برادرانہ تعلقات مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں: وزیراعظم
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + خبر نگار خصوصی) نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے ترکیہ کے صد سالہ یومِ جمہوریہ کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ میں ترکیہ کے یومِ جمہوریہ کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے برادر ملک ترکیہ کے عوام کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے ہفتہ کو جاری اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ 29 اکتوبر 1923ءکو ترک قوم کی عظیم راہنما غازی مصطفی کمال اتاترک کی قیادت میں آزادی کی جدوجہد جمہوریہ ترکیہ کے قیام کی صورت میں کامیاب ہوئی۔ ترک قوم کا اپنی آزادی کیلئے غیر متزلزل عزم اور حوصلہ دنیا بھر میں آزادی پسند لوگوں کیلئے آج بھی قابلِ تقلید اور متاثر کن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک صدی میں ترکیہ نے تمام شعبہ ہائے زندگی میں ترقی کے سنگ میل عبور کئے ہیں۔ نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ ترک صدر رجب طیب اردوان کی بے مثال قیادت میں ترکیہ کی معاشی ترقی اور باہمی امن و خوشحالی کے اہداف کے حصول میں کردار کی عالمی سطح پر پزیرائی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جب برادر ملک ترکیہ کے عوام اپنے قیام کی صد سالہ تقریبات منا رہے ہیں، انکے پاکستانی بھائی اور بہنیں گزشتہ ایک صدی میں انکی ان گنت کامیابیوں کے جشن میں انکے شانہ بشانہ ہیں۔ پاک ترک برادرانہ تعلقات مشترکہ عقیدے، تقافت اور تاریخ کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ کے پاکستان کیلئے پہلے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے بابائے قوم، قائد اعظم محمد علی جناح نے فرمایا تھا کہ "پاکستان کے مسلمان آپکے ملک کیلئے محبت و احترام کے جذبات رکھتے ہیں۔ دریں اثناءجمہوریہ ترکیہ کی ویں100 سالگرہ کے موقع پر پاکستانی سفارتخانے میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ترکیہ میں موجود پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے مہمانوں کی میزبانی کی، نمایاں مہمانوں میں انقرہ کے گورنر واصپ ساہن اور ممبران پارلیمنٹ جن میں علی ساہن، برہان کایا ترک، مہمت امین سمسک، مصطفی کایا، مہمت موفت ایادین، عبدالرحیم دوساک شامل تھے۔ سابق وزیر خوراک مہمت مہدی ایکر، ریکٹر اوستم یونیورسٹی مورات یولک، پروفیسر مہمت سفتین، ترکیہ کے پاکستان میں سابق سفیر رﺅف انجین سوسال، مصطفی یورداکل اور مشہور ٹی وی چینل ٹی آر ٹی عمر فاروق بھی اس تقریب میں شامل تھے۔