اسرائیل کو عالمی قوانین توڑنے کا حق نہیں، میئر لندن کا جنگ بندی کا بھی مطالبہ
لندن(این این آئی)میئر صادق خان نے غزہ میںانسانی جانوں کے نقصان اور انسانی المیے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ کے طول پکڑنے کا مطلب اسرائیل اور غزہ دونوں میں ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہے۔ لندن کے میئر صادق خان نے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ اسرائیل سمیت کسی بھی ملک کو بین الااقوامی قوانین کو توڑنے کا حق حاصل نہیں۔ امن مذاکرات ہی مسئلے کا حل ہیں۔ جنگ سے دونوں جانب ہلاکتوں میں اضافہ ہوگا۔میئر لندن نے کہا کہ اسرائیل کو اپنے دفاع اور ان لوگوں کے خلاف کارروائی کا حق حاصل ہے جنھوں نے 7 اکتوبر کو حملہ کیا اور شہریوں کو یرغمال بنالیا اور یرغمالیوں کی رہائی میں عالمی برادری کو بھی کردار ادا کرنا چاہیے لیکن اسرائیل کی بڑے پیمانے پر فوجی کارروائی سے مزید انسانی جانیں جائیں گی۔میئر لندن صادق خان نے کہا کہ 7 اکتوبر سے ہونے والی جھڑپوں میں لندن کے شہری بھی اسرائیل اور غزہ میں اغوا ہوئے اور مارے گئے۔ پوری قوم صدمے میں ہے۔صادق خان نے کہا کہ غزہ میں ہزاروں معصوم شہری مارے جاچکے ہیں۔ اسرائیل اور غزہ میں تشدد اور انسانی جانوں کے ضیاں پر میں بھی عالمی برادری کے ہمراہ فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہوں۔