• news

نوازشریف آ گئے، کراچی کو بھی قومی دھارے میں واپس آنا چاہئے: متحدہ

لیاقت آباد (نوائے وقت رپورٹ) ڈپٹی کنوینئر ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی کو آگے لے کر جانا ہے تو کراچی کے وارثوں کے حوالے کیا جائے۔ کراچی میں 15 سال سے صرف لوٹ مار اور بدعنوانی ہے۔ لیاقت آباد میں منعقدہ جلسے سے خطاب میں ڈپٹی کنوینئر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا آنے والی انتخابات کی مہم میں آسمانوں پر صرف ایم کیو ایم کی پتنگیں ہی ہوں گی۔ لیاقت آباد کا علاقہ قیام پاکستان کے ورثا اور شہادتوں کی امانت ہے۔ لیاقت آباد کی تاجر اتنا ٹیکس دیتے ہیں جتنا ٹیکس پورے لاہور سے بھی جمع نہیں ہوتا، پاکستان کا پاور بنک کراچی اور کراچی کا پاور بنک ایم کیو ایم پاکستان ہے۔ نواز شریف واپس آگئے تو پھر کراچی کو بھی اب قومی دھارے میں ضرور واپس آنا چاہیے۔ کراچی کے ساتھ بھی اب انصاف اور اول درجے کے شہریوں جیسا سلوک ہونا چاہیے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا دھرتی ماں صرف پاکستان ‘ صوبے دھرتی ماں نہیں ہو سکتے۔ آمریت اور جاگیردارانہ نظام کے خلاف کھڑے ہیں۔ پاکستان بچانے اور چلانے کی ذمہ داری لیاقت آباد والوں پر آ رہی۔ اب ایوان اور بیلٹ فیصلہ نہیں کرے گا تو روڈ کی طاقت سے فیصلہ کرنے کو تیار ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے کہا 15 برس میں پی پی نے کراچی کو لاڑکانہ بنا دیا۔ پیپلز پارٹی کراچی پر قبضہ کرنا چاہتی‘ پی پی چند ارب روپے لندن بھیج کر بائیکاٹ کی کال کا کہہ رہی، اس کے ثبوت ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن